حیدرآباد

آپ کو یوگی آدتیہ ناتھ جیسا بننا ہوگا’ ورنہ کرسی چھین لوں گا۔ آندھراپردیش کی وزیر داخلہ کو پون کلیان کا انتباہ

حیدرآباد ۔ 5؍ نومبر ۔ (اردو لائیو): آندھرا پردیش کی چندرا بابو نائیڈو حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان اپنی ہی اتحادی حکومت پر بھڑک اٹھے۔ اداکار سے سیاستدان بنے پون کلیان نے ریاست کے وزیر داخلہ کو یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جیسا بننے کا مشورہ دیا اور ریاست میں بڑھتے جرائم پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کو کہا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اپنا کام صحیح سے سنبھالیے، ورنہ یہ ذمہ داری بھی مجھے اٹھانی پڑے گی۔

پون کلیان نے آندھرا پردیش کی وزیر داخلہ اور اپنی حلیف تلگو دیشم پارٹی کی رہنما انیتا کو نشانہ بنایا ہے۔ پون کلیان نے وزیر داخلہ پر نااہلی کا الزام لگاتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر محکمہ میں بہتری نہیں آتی ہے تو انہیں ‘‘محکمہ داخلہ بھی اپنے ہاتھ میں لینے پر مجبور ہونا پڑے گا’’۔ پون کلیان کا یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پچھلے دنوں تین سال کی بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ سامنے آنے کے بعد پون کلیان نے کہا کہ ”آندھرا پردیش میں امن و امان میں قابل ذکر کمی آئی ہے” اور قانون و نظم کو یوگی آدتیہ ناتھ کے اتر پردیش کی طرح سنبھالا جانا چاہیے۔

یوگی آدتیہ ناتھ بن کر دکھانا ہے
انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ پیٹھاپورم میں ایک ریلی میں کہا کہ میں وزیر داخلہ انیتا کو بھی انتباہ دے رہا ہوں، آپ وزیر داخلہ ہیں۔ میں وزیر پنچایت، جنگلات و ماحولیات کا وزیر ہوں۔ آپ اپنی ذمہ داریوں کو اچھی طرح سے انجام دیں ورنہ مجھے محکمہ داخلہ بھی سنبھالنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ آپ کو یوگی آدتیہ ناتھ جیسا بننا ہوگا۔ سیاسی رہنما، ایم ایل اے صرف ووٹ مانگنے کے لیے نہیں ہیں۔ آپ کی بھی ذمہ داریاں ہیں۔ ہر کسی کو سوچنا ہوگا’ ایسا نہیں ہے کہ میں محکمہ داخلہ نہیں مانگ سکتا یا نہیں لے سکتا۔ اگر میں ایسا کرتا ہوں، تو ان لوگوں کے لیے چیزیں بہت مختلف ہو جائیں گی۔ ہمیں یوگی آدتیہ ناتھ جیسا بننا ہوگا۔ ورنہ مجرم نہیں بدلیں گے۔ اس لیے طے کریں کہ آپ بدلیں گے یا نہیں۔

پون کلیان کے بیان پر ٹی ڈی پی کا ردعمل
وزیر داخلہ پر کھلی تنقید کے بعد اختلافات کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، لیکن وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کی کابینہ کے ایک اور سینئر وزیر نارائن نے کہا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر پون کلیان کو غلطیاں بتانے اور وزراء کو صحیح راہ پر لانے کا حق ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button