
استنبول۔ 17؍ جنوری ۔ (ایجنسیز): اس میں کوئی شک نہیں کہ مامتا انسانیت کی تاریخ میں جانا گیا عظیم ترین جذبہ ہے۔ نہ صرف انسان بلکہ جانوروں میں بھی اس جذبے کی مؤثر مثالیں ملتی ہیں۔اس حوالے سے ترکیہ میں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک کتیا اپنے ننھے پلے کو گھسیٹتی ہوئی لے جا رہی ہے جو زندگی کی جنگ لڑ رہا تھا۔ کتیا نے اسے جانوروں کے ایک کلینک تک پہنچایا۔
جب ڈاکٹر نے یہ منظر دیکھا تو وہ حیران رہ گیا، اور اس نے خوف زدہ ماں سے فورا پلے کو لے کر فوری طور پر ہنگامی علاج شروع کیا۔ اس دوران کتیا آنکھوں میں مدد کی درخواست کے ساتھ کھڑی رہی۔
کلینک کے کیمروں کے ریکارڈ شدہ مناظر کے مطابق تھوڑی دیر میں پلے کو ہوش آنا شروع ہوا۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ کتیا کا یہ پلا ابھی تک کلینک میں ہے جہاں خصوصی نگہداشت کا شعبہ موجود ہے جب کہ ماں ابھی تک وہاں موجود ہے اور جگہ نہیں چھوڑ رہی۔
ادھر سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں میں اس کتیا اور پلے کے لیے ہمدردی کی وسیع لہر نے جنم لیا۔
ترک ذرائع نے بتایا کہ جانوروں کی ڈاکٹر ‘‘باتور الب اوغان’’ نے بتایا کہ کتیا نے حال ہی میں بچوں کو جنم دیا تھا لیکن اس کے بچے مر گئے۔ ڈاکٹر کے مطابق پلے کی حالت اب بہتر ہو رہی ہے۔