فلسطینمسلم دنیا

اسرائیل کی بمباری سے وینٹی لیٹر مشینیں بند ہوجانے کے باعث غزہ کے ہاسپٹل میں دو شیرخوار بچے شہید

غزہ ۔ 26؍ اکٹوبر ۔ (پی آئی سی): غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شمالی غزہ کے بیت لاہیہ میں واقع کمال عدوان ہاسپٹل کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں دو شیر خوار بچے، جو اسرائیلی بمباری میں شدید زخمی ہو گئے تھے، دم توڑ گئے ہیں۔ دونوں بچوں کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا، لیکن ہاسپٹل کے جنریٹر سسٹم پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے بعد پیدا ہونے والی بجلی کی قلت کے باعث یہ مشینیں بند ہو گئیں، جس کی وجہ سے ان کی جانیں بچانا ممکن نہ رہا۔

فلسطینی وزارت صحت نے جمعہ کی شام ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان ہاسپٹل کی حالت مسلسل بگڑتی جا رہی ہے، اور ہاسپٹل میں موجود مریضوں اور طبی عملے کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس وقت ہاسپٹل میں کل 600 افراد موجود ہیں، جن میں 195 مریض اور زخمی افراد، 70 طبی عملے کے ارکان، اور دیگر عام شہری شامل ہیں۔ حالیہ واقعات کے دوران 3 نرسیں اور ایک کلینر بھی زخمی ہو چکے ہیں۔

وزارت نے یہ بھی بتایا کہ ہاسپٹل کی 3 ایمبولینسیں اور ایک ٹرانسپورٹ گاڑی تباہ ہو چکی ہے، جس سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیش آرہی ہے۔ ہاسپٹل کا سولر پینل سسٹم بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، جس سے بجلی کی فراہمی میں مزید مشکلات درپیش ہیں۔

قابض فورسز کی جانب سے ہاسپٹل میں تلاشی اور فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے ہاسپٹل کے اندر خوف و ہراس کی کیفیت برقرار ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button