تاج محل کو بم سے اڑادینے کی دھمکی۔ محکمہ سیاحت کو ای میل موصول
آگرہ ۔ 3؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): اب تاج محل کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھرا ای میل موصول ہوا ہے۔ منگل (3؍ ڈسمبر) کو معاملہ کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں نے یادگار کے ہر حصہ کی سخت تلاشی لی۔ بم ڈسپوزل ٹیم، اسنفر کتوں کی مدد لی گئی۔ تمام سیاحوں کے بیگ چیک کیے گئے۔ تقریباً ڈھائی گھنٹہ کی تلاشی میں کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی۔ اتر پردیش کے محکمہ سیاحت کی ای میل آئی ڈی پر منگل کی صبح 7:53 بجے ای میل آیا۔ ای میل میں تاج محل کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس میں لکھا تھا کہ ‘‘تاج محل کے چاروں طرف پائپ بم لگے ہوئے ہیں، جو صبح 9 بجے پھٹ جائیں گے۔’ ’
محکمہ سیاحت کا دفتر کھلنے کے بعد تقریباً 11 بجے دھمکی بھرے ای میل کی اطلاع ملی۔ اس پر علاقائی سیاحت آفیسر دپتی وتس نے فوراً اپنے اعلیٰ افسران کو اطلاع دیتے ہوئے پولیس، تاج سیکورٹی پولیس، سی آئی ایس ایف اور اے ایس آئی کے حکام کو ای میل کو فارورڈ کیا گیا۔
یہ حساس اطلاع ملتے ہی سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے یادگار کے احاطے کو گھیر لیا۔ بم ڈسپوزل ٹیم کو بلا لیا گیا۔ ڈاگ اسکواڈ بھی پہنچ گیا۔ اس کے بعد یادگار کے اندر کی چھ لائنوں، 16 باغات، مرکزی مقبرے اور دیگر مقامات کی سختی سے تلاشی لی گئی۔ یہی نہیں، تاج محل کے قریب واقع دشہرہ اور بسئی گھاٹ کی طرف بھی سیکیورٹی فورس کے جوانوں نے چیکنگ کی۔ داخلی دروازے پر بیگ اسکینر سے چیکنگ کے علاوہ تاج محل میں موجود تمام سیاحوں کے بیگ چیک کیے گئے۔ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی پر دو جوانوں کو بٹھا دیا گیا۔ انہیں مسلسل ہر سرگرمی پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
سی آئی ایس ایف کمانڈنٹ تاج محل ویبھو کمار دوبے نے بتایا کہ منگل کو صبح 11:40 بجے تاج محل کو بم سے اڑانے کی دھمکی کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد یادگار کے اندر اور باہر سختی سے تلاشی لی گئی۔ ہر سیاح کے سامان کو چیک کرنے کے بعد ہی داخلہ کی اجازت دی گئی۔ یادگار کے باہر بھی چیکنگ ہوئی۔ دوپہر 2:30 بجے تک چیکنگ کا تمام کام مکمل کر لیا گیا۔ کہیں بھی کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی۔
علاقائی سیاحت افسر دپتی وتس نے کہا کہ محکمہ کو ای میل موصول ہوا۔ اسے دفتر آنے کے بعد دیکھا گیا۔ ای میل میں تاج محل کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے کی بات لکھی گئی تھی۔ اس پر فوراً اعلیٰ افسران کو مطلع کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ای میل فارورڈ کر دیا گیا’ تاکہ متعلقہ محکمہ اس کی جانچ کر سکے۔ اس پورے معاملے سے اعلیٰ افسران کو بھی تحریری طور پر اطلاع دی گئی ہے۔
اے سی پی تاج سیکورٹی سید اریب احمد نے بتایا کہ محکمہ سیاحت کو ای میل موصول ہوا ہے۔ فوراً سیکیورٹی اہلکاروں کو جانچ میں تعاون کے لیے تعینات کیا گیا۔ کسی سیاح کو پریشانی نہیں ہونے دی گئی۔ ای میل کی بنیاد پر تاج گنج تھانے میں کیس درج کرایا جا رہا ہے۔ آگے کی جانچ بھی جاری ہے۔ ای میل کا ذریعہ کون ہے، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔