اسرائیلی حملے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والی بچی کی تصویر پر ہر آنکھ اشکبار

بیروت ۔ 30؍ اکٹوبر ۔ (عرب میڈیا): لبنان کے بعلبک علاقے میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 تک پہنچ گئی ہے۔ ان حالیہ حملوں کے بعد کئی دل دہلا دینے والے مناظر سامنے آئے ہیں۔ ایک دل سوز منظر میں، بعلبک کے علاقے میں ایک ننھی بچی کی تصویر نے سب کو اشکبار کر دیا ہے۔ یہ بچی اسرائیلی حملے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی، حالانکہ اس کے ارد گرد کئی لوگ جاں بحق ہو گئے تھے۔
بعلبک: ثقافتی مرکز سے جنگ زدہ شہر تک
بعلبک، جو کبھی اپنی ثقافتی میراث اور قدیم قلعوں کے باعث سیاحوں کے لیے معروف تھا، آج جنگ اور تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ یہاں پر میلے ٹھیلے اور تاریخی قلعے سیاحوں کے لیے کشش کا باعث تھے، لیکن حالیہ جنگ نے اس شہر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
اکلوتی زندہ بچ جانے والی شیرخوار بچی کی تصویر نے دل دہلا دیے
بعلبک-ہرمل کے گورنر بشیر خضر نے منگل کو ایکس پلیٹ فارم پر اس اکلوتی بچی کی تصویر شیئر کی، جو اسرائیلی حملے کے دوران زندہ بچ گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کل کے حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں دو تہائی بچے اور خواتین شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں بیقاع علاقے پر 35 حملے کیے گئے، جس کے دوران 67 افراد جاں بحق اور 120 سے زائد زخمی ہوئے۔ ملبے سے متاثرین کی تلاش کا کام جاری ہے۔
لبنان میں اسرائیلی بمباری میں شدت
بعلبک گورنری میں پیر کے روز اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک طویل عرصے بعد سب سے زیادہ پرتشدد دن دیکھا گیا۔ اسرائیلی فوج نے جنگی طیاروں کے ذریعے کئی قصبوں پر بمباری کی۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق 23 ستمبر سے اب تک جنوبی لبنان، بیروت کے مضافاتی علاقوں اور بیقاع پر اسرائیلی حملوں میں 1,700 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔



