ٹمل فلموں کے سپر اسٹار وجئے کی چنئی میں گرینڈ افطار پارٹی۔ روزہ رکھا اور مسلمانوں کے ساتھ مل کر نماز بھی پڑھی

چنئی ۔ 8؍ مارچ ۔ (اردو لائیو): ساؤتھ کے سپر اسٹار اداکار تھلاپتی وجے نے جمعہ (7؍ مارچ) کو ایک شاندار افطار پارٹی کا اہتمام کیا، جس میں وہ ٹوپی پہنے اور نماز پڑھتے نظر آئے۔ وجے نے جمعہ کے روز چنئی میں رمضان کے مبارک مہینے کے دوران یہ پارٹی رکھی۔ تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) کے بانی اور چیف مکمل سفید لباس میں نظر آئے اور سفید ٹوپی پہن کر مسلم بھائیوں کے ساتھ افطار کیا۔
روزہ رکھا، نماز پڑھی اور افطار کیا
اطلاعات کے مطابق، وجے نے پورا دن روزہ رکھا اور اسلامی روایات کو اپناتے ہوئے افطار کیا اور نماز بھی پڑھی۔ ساوتھ کے مشہور اداکار نے رمضان میں ایک عظیم الشان افطار پارٹی رکھی جو خوب چرچا میں رہی۔ ”ماسٹر”، ”تھیری”، ”وجے” اور ”لیو” جیسی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے وجے اب آہستہ آہستہ سیاسی میدان میں بھی سرگرم ہو رہے ہیں۔
وجے کی پارٹی کے اس افطار میں 15 سے زائد مقامی مساجد کے اماموں نے شرکت کی۔
تقریباً 3000 لوگوں کی افطاری کا انتظام اس پارٹی میں کیا گیا تھا۔ وجے اپنی آنے والی فلم ‘‘جن نائگن’’ کے بعد فلمی دنیا کو الوداع کہنے جا رہے ہیں۔ وجے کے بڑھتے ہوئے سیاسی دخل کے درمیان، تمل اداکار کو Y سیکیورٹی کور دیا گیا ہے۔ اب سے وجے کی سیکیورٹی میں 8 افراد کی ٹیم تعینات رہے گی، جس میں 2 کمانڈو ہوں گے جبکہ باقی پولیس افسران ہوں گے۔