
تل ابیب ۔ 2؍ اکٹوبر ۔ (ایجنسیز): صہیونی ریاست (مقبوضہ فلسطین) کے مرکزی شہر تل ابیب میں ایک فدائین حملے میں 7 اسرائیلی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی پولیس نے اس فدائین حملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ فائرنگ اور چاقو زنی کا یہ واقعہ منگل کی شام پیش آیا۔
عبرانی میڈیا نے بھی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ‘‘یافا آپریشن’’ کے مرتکب افراد نے صہیونی ریاست کے مرکزی شہر تل ابیب میں دراندازی کی اور ایک فوجی پر چاقو سے حملہ کردیا اور اس کا ہتھیار چھین کر کارروائی کی۔ جس کے نتیجے میں کئی لوگ زخمی ہوئے –
صیہونی اسرائیلی پولیس کے مطابق یہ جان لیوا حملہ ریل کی ایک بوگی میں شروع ہوا اور پھر پلیٹ فارم تک پہنچ گیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں سڑک پر پڑی ہوئی لاشیں دکھائی دے رہی ہیں۔ کچھ اسرائیلی میڈیا نے پہلے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ بتائی تھی، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ اس میں فدائین حملہ آور بھی شامل تھے یا نہیں۔
یہ فائرنگ ایران کی طرف سے اسرائیل پر میزائل حملے سے کچھ دیر پہلے ہوئی۔ واقعے کی جگہ پر موجود پولیس اہلکار پناہ لیتے ہوئے دکھائی دیئے جب میزائل اور ایئر ڈیفنس راکٹ شہر کے اوپر سے گزر رہے تھے اور ہوائی حملے کے سائرن بج رہے تھے۔
حال ہی میں ‘‘حماس’’ اسلامی تحریک مزاحمت کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ کی پٹی میں جاری قتل عام کے جواب میں قابض صیہونی دشمن پر فدائی حملوں کے طوفان کی دھمکی دی تھی۔



