روس کا طالبان کو دہشتگردوں کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ

ماسکو۔ 5؍ اکٹوبر ۔ (ایجنسیز) روس نے افغان طالبان کو دہشتگردوں کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ اعلیٰ سطح پر کیا گیا ہے جس کا اعلان روس کے سرکاری میڈیا نے کیا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے نمائندہ برائے افغانستان، زمیر کابلوو، نے کہا ہے کہ اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کئی قانونی مراحل سے گزرنا ہوگا۔ تاہم، یہ اقدام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ روس طالبان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنا رہا ہے، خاص طور پر 2021ء میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ۔
یاد رہے کہ روس نے 2003ء میں طالبان کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا، لیکن حالیہ برسوں میں، خاص طور پر جولائی 2024ء میں صدر پیوٹن نے طالبان کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنا اتحادی سمجھنے کا اشارہ دیا تھا۔
روس، طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد سے ان کے ساتھ تعلقات میں بتدریج بہتری لا رہا ہے، اور اس فیصلے کو اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔



