روپیہ "آل ٹائم لو” پر : ہندوستانی کرنسی پہلی بار ڈالر کے مقابلے میں 84 سے نیچے گر گئی

ممبئی ۔ 11؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): اس ہفتے کے آخری کاروباری دن یعنی جمعہ کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں ہندوستانی روپے میں تاریخی گراوٹ دیکھی گئی۔ ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کمزور ہوکر 84 روپے فی ڈالر کے ریکارڈ کم ترین سطح پر آ گیا۔ اس سے پہلے جمعرات کو روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے 83.98 پر بند ہوا تھا۔ آپ کو بتا دیں کہ 19 جولائی، 2022 کو روپیہ پہلی بار امریکی ڈالر کے مقابلے 80 کی سطح کو عبور کر گیا تھا اور تب سے اس میں مسلسل گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔
ڈالر انڈیکس کی حالت:
اس دوران، چھ اہم کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی پوزیشن کو ظاہر کرنے والا ڈالر انڈیکس 0.11 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 102.87 پر رہا۔ ہم آپ بتا دیں کہ ڈالر انڈیکس – جو ین، پاؤنڈ، کینیڈین ڈالر، سویڈش کرونا، سوئس فرانک اور یورو کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قدر کو ماپتا ہے۔
روپیہ کے کمزور ہونے کے معنی:
روپیہ کے کمزور ہونے سے معیشت پر بھی اثر پڑتا ہے۔ خام تیل کی درآمد مہنگی ہو جائے گی۔ خام تیل کے مہنگے ہونے سے پیٹرول اور ڈیزل جیسے پیٹرولیم پروڈکٹ کی قیمت بڑھ جائے گی۔ ان پروڈکٹس کے دام بھی بڑھیں گے جو ڈالر میں درآمد ہوتے ہیں۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلبہ کو ہاسٹل، کالج فیس، کھانے اور ٹرانسپورٹ سب کے لیے ڈالر میں زیادہ خرچ کرنا پڑے گا۔
شیئر بازار میں سستی:
اس دوران، جمعہ کو ہندوستانی شیئر بازار میں سستی رہی۔ سینسیکس اور نفٹی، دونوں انڈیکس سرخ نشان پر کاروبار کرتے نظر آئے۔ گزشتہ جمعرات کو تیس شیئرز پر مبنی بی ایس ای سینسیکس 144.31 پوائنٹس یعنی 0.18 فیصد بڑھ کر 81,611.41 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران ایک وقت یہ 535.74 پوائنٹس تک چڑھ گیا تھا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی بھی 16.50 پوائنٹس یعنی 0.07 فیصد اضافے کے ساتھ 24,998.45 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران ایک وقت یہ 152.1 پوائنٹس تک چڑھ گیا تھا۔



