رتن ٹاٹا نے کبھی شادی نہیں کی ’ وجہہ جانئے کیوں؟

ممبئی ۔ 10؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ ہندوستان کے ممتاز صنعتکار اور رتن ٹاٹا کو چار بار پیار ہوا، لیکن انہوں نے شادی نہیں کی۔ انہوں نے چہارشنبہ کے روز 86 سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہا۔ بلڈ پریشر میں اچانک کمی کے بعد انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ رتن ٹاٹا نے صنعت کاری میں اپنے پیچھے ایک بہت بڑی میراث چھوڑی ہے۔ اپنی پیشہ ورانہ کامیابیوں سے آگے، ٹاٹا کی نجی زندگی نے بھی کئی لوگوں کو حیران کیا ہے، خاص طور پر غیر شادی شدہ رہنے کے ان کے فیصلے نے۔
ہر بار شادی کرنے کے قریب پہنچے:
ایک عالمی خبر رساں ادارہ کے ساتھ ایک پرانے انٹرویو میں رتن ٹاٹا نے اپنی محبت کی کہانی کے بارے میں انکشاف کیا کہ انہیں چار بار محبت ہوئی اور ہر بار شادی کرنے کے قریب پہنچے۔ تاہم، حالات نے انہیں ہمیشہ پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے اس وقت کو یاد کیا جب وہ امریکہ میں رہتے ہوئے کسی سے شادی کرنے والے تھے، لیکن 1962 کے ہندوستان چین تنازعہ نے سب کچھ بدل دیا۔
اس انٹرویو میں ٹاٹا نے بتایا کہ ‘‘جب میں امریکہ میں کام کر رہا تھا، تو شاید یہ سب سے سنجیدہ معاملہ تھا۔ ہماری شادی نہ ہونے کا واحد سبب یہ تھا کہ میں ہندوستان واپس آ گیا تھا اور انہیں میرے پیچھے آنا تھا۔ لیکن وہ بھارت چین تنازعہ کا سال تھا۔ وہ نہیں آئیں اور بالآخر امریکہ میں کسی اور سے شادی کر لی۔
رتن ٹاٹا کا سمی گریوال کے ساتھ رشتہ
اداکارہ اور ٹاک شو میزبان سمی گریوال نے بھی 2011 میں ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رتن ٹاٹا کے ساتھ ڈیٹنگ کرنے کی بات کہی تھی۔ ٹاٹا کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ پرفیکشن ہیں، ان میں سنس آف ہیومر ہے، وہ خاکسار ہیں اور ایک پرفیکٹ جنٹل مین ہیں۔ پیسہ کبھی بھی ان کی تحریک نہیں رہا۔ اگرچہ ان کا رومانس شادی تک نہیں پہنچا، لیکن دونوں قریبی دوست بنے رہے۔



