برلن ۔ 28؍ نومبر ۔ (ایجنسیز): قابض اسرائیلی ریاست کے معاشی بائیکاٹ کے لیے جاری بین الاقوامی مہم ‘بائیکاٹ اینڈ ڈیویسٹمنٹ آف اسرائیل’ (بی ڈی ایس) کے مطابق پانچ سالہ بائیکاٹ مہم نے پوما کو اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ 31 دسمبر تک اسپانسر شپ کا معاہدہ ختم کرنے پر مجبور کیا۔
سنہ 2018 سے جرمن کمپنی کو 215 فلسطینی کھیلوں کی ٹیموں کی جانب سے شروع کی گئی عالمی بائیکاٹ مہم کا سامنا ہے جس میں کمپنی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی فیڈریشن کی اسپانسر شپ کو ختم کرے۔ کیونکہ ان میں وہ ٹیمیں بھی شامل ہیں جو مقبوضہ فلسطینی زمینوں پر تعمیر کی گئی غیر قانونی اسرائیلی بستیوں میں سرگرم ہیں۔
پوما نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ 31 دسمبر 2024 کو اسپانسر شپ کا معاہدہ ختم کر دے گا۔
مہم کے دوران انسانی حقوق کارکن گروپوں نے مختلف شہروں میں پوما کے دفاتر اور اسٹورز پر دھاوا بول دیا، کھلاڑیوں اور فنکاروں نے بھی کمپنی کے ساتھ اپنے معاہدے منسوخ کر دیے اور کچھ اسٹورز نے اپنی مصنوعات کی فروخت بند کر دی۔ اس کے باوجود پوما نے ایک غیر معمولی قدم میں یہ اعلان کیا کہ ایک سال قبل مکمل طور پر ختم ہونے والے اسرائیلی فیڈریشن کے ساتھ اپنے اسپانسر شپ کے معاہدے کی تجدید نہیں کرے گا۔