ہندوستان

‘‘لو پیسہ اور لو پیسہ’’ ۔ رشوت خور آفیسر پر لوگوں نے پیسوں کی بارش کرکے نوٹوں کی ڈھیر لگادی (ویڈیو)

احمدآباد ۔ 14؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں دفتر میں بیٹھے ایک افسر پر لوگ نوٹوں کی بارش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رشوت مانگے جانے سے ناراض ہو کر دیہاتیوں نے اس طرح اپنے غصہ کا اظہار کیا۔ حالانکہ اردو لائیو اس ویڈیو کی صداقت کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل 2.14 منٹ کے اس ویڈیو میں لوگ گجراتی بولتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو گجرات کا ہے۔ لیکن گجرات کے کس حصہ کا ہے یہ ابھی صاف نہیں ہو پایا ہے۔ ویڈیو میں دیہاتی بہت غصہ میں نظر آ رہے ہیں اور جو طریقہ انہوں نے اپنایا اس سے افسر ہکا بکا دکھائی دے رہا ہے۔ وہ ہاتھ جوڑے ہوئے بھی نظر آ رہا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بڑی تعداد میں خواتین اور مرد دفتر میں جمع ہیں۔ سبھی آفیسر پر نوٹ برساتے دیکھائی دے رہے ہیں۔ آفیسر کے جسم سے لے کر ٹیبل تک اور کمرے میں نوٹ ہی نوٹ بکھرے ہوئے ہیں۔ 500 اور 200 روپے کے نوٹوں کا ڈھیر لگ چکا ہے۔ لوگوں کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ‘‘لو پیسہ اور لو پیسہ’’ ایک شخص بسم اللہ سوسائٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ وہاں بھی پانی نہیں آ رہا ہے۔ چیف آفیسر مردہ باد کے نعرے بھی سنائی دے رہے ہیں۔

لوگوں کے غصہ کو دیکھتے ہوئے آفیسر خاموشی سے بیٹھے ہوئے دیکھتے رہتے ہیں۔ وہ ہاتھ جوڑ کر بیٹھ جاتے ہیں۔ وائرل ویڈیو کو لے کر لوگ طرح طرح کے کمنٹس کر رہے ہیں۔ ہم اس وائرل ویڈیو کی جانچ کر رہے ہیں، جیسے ہی مزید معلومات ملے گی، اس خبر کو اپڈیٹ کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button