نئی دہلی ۔ 11؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): فلسطین کے ناظم الامور عابد الرازگ ابو جزر نے چہارشنبہ (11؍ ڈسمبر) کے روز کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ابو جزر نے پرینکا گاندھی کو وائناد لوک سبھا ضمنی انتخاب میں ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور فلسطین کی آزادی کے لیے حمایت حاصل ہونے کا یقین ظاہر کیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ابو جزر نے اپنے بیان میں کہاکہ ‘‘میں نے پرینکا گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور وائناد ضمنی انتخاب میں ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ پرینکا گاندھی نے فلسطینی عوام کی آزادی اور اس کی خودمختاری کے حق کے لیے حمایت کی یقین دہانی کرائی۔’’
ابو جزر نے بتایا کہ پرینکا گاندھی نے اپنے بچپن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ذکر کیا کہ انہوں نے فلسطینی رہنما یاسر عرفات سے کئی بار ملاقات کی تھی۔ پرینکا نے بتایا کہ یاسر عرفات اکثر ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی یا راجیو گاندھی سے ملنے آیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی فلسطینی مسئلہ سے جڑی رہی ہیں اور اسے انصاف پر مبنی سمجھتی ہیں۔
پرینکا گاندھی نے فلسطین اور ہندوستان کے درمیان تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے غزہ میں جاری حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے غزہ میں ہونے والی تباہی، عام شہریوں پر حملے، اور بچوں و خواتین کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔ پرینکا نے ان ماؤں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے بچے کھو دیے ہیں۔
فلسطینی سفیر کی اپیل:
ملاقات کے دوران ابو جزر نے ہندوستان کے مغربی ایشیا میں اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی اور فلسطین کے حقوق کی حمایت میں ہندوستان کی مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے غزہ میں فلسطینی عوام کے لیے ترقیاتی منصوبوں میں ہندوستان کے تعاون کی بھی درخواست کی۔
اس سے پہلے لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہول گاندھی نے بھی یورپی یونین کے ہندوستان میں سفیر ہروے ڈیلفن سے ملاقات کی تھی۔