اب 70 سال سے زائد عمر والوں کا 5 لاکھ روپیے تک ہوگا مفت علاج

نئی دہلی ۔ 29؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو دہلی میں ایک پروگرام کے دوران ‘‘آیوشمان وی وندن کارڈ’’ بزرگ استفادہ کنندہ گان کو سونپے۔ اس کے ساتھ ہی آیوشمان اسکیم کے نئے مرحلے کی شروعات ہو گئی۔ اب 70 سال سے زیادہ عمر والے ملک کے سبھی بزرگوں کا آیوشمان اسکیم کے تحت مفت علاج ہو سکے گا۔ اس کے تحت انہیں ہر سال 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج مل پائے گا۔ وزیر اعظم نے اس دوران 12850 کروڑ روپے کی کئی صحت پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔ یہ پروگرام دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید میں منعقد کیا گیا تھا۔
اس اسکیم کے تحت 70 سال سے زیادہ عمر کے سبھی بزرگوں کو ہیلتھ کوریج ملے گی۔ یہ سہولت کسی بھی آمدنی والے گروپ کے بزرگوں کو حاصل ہوگی۔ اس سے ملک کے تقریباً 4.5 کروڑ خاندانوں کے 6 کروڑ سے زیادہ بزرگوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ اب تک اس اسکیم میں کم آمدنی والے خاندانوں کو ہی شامل کیا جاتا رہا ہے۔ لیکن اب بزرگوں کو لیکر ایسی کوئی آمدنی لمٹ نہیں ہوگی۔ پی ایم مودی نے دہلی میں منعقدہ تقریب کے دوران کئی بزرگوں کو کارڈ سونپے۔ اس دوران ہیلتھ منسٹر جے پی نڈا سمیت کئی دوسرے وزراء اور افسروں بھی موجود تھے۔
بزرگوں کو یہ سہولت آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (AB PM-JAY) کے تحت ملے گی۔ اسے کیبنٹ نے 11 ستمبر، 2024 کو منظوری دی تھی۔ اس کے تحت ملک کے سبھی بزرگوں کو اس اسکیم سے فائدہ ملے گا، جن کی عمر 70 سال سے زیادہ ہو۔ اس اسکیم کے استفادہ کنندہ گان کو الگ سے کارڈ فراہم کیا جائے گا۔ یہ فیملی آیوشمان پلان سے مختلف ہوگا۔ اس کے علاوہ جن خاندانوں کو پہلے ہی اس اسکیم کا فائدہ مل رہا ہے، انہیں الگ سے 5 لاکھ روپے کا ٹاپ اپ خاندان کے بزرگ ممبر کے لیے ہر سال ملے گا۔ اس ٹاپ اپ سے صرف بزرگ کا ہی علاج ہوگا اور خاندان کے کسی دوسرے شخص کا اس رقم سے علاج نہیں ہوگا۔
پرائیویٹ ہیلتھ انشورنس لینے والے لوگوں کا کیا ہوگا؟
وہیں کسی دوسری سرکاری اسکیم، مرکزی ملازمین کے لیے چلنے والی ہیلتھ اسکیم کا فائدہ لینے والے بزرگوں کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ آیوشمان کارڈ لیں یا پھر پہلے سے چل رہی اسکیم میں ہی شامل رہیں۔ یہی نہیں پرائیویٹ ہیلتھ انشورنس اسکیمس اور ای ایس آئی اسکیم کا فائدہ لینے والے لوگوں کو بھی اس کے تحت کور کیا جائے گا۔



