نیویارک: مسلمان ٹیکسی ڈرائیور پر نفرت انگیز حملہ، ملزمہ پر فردِ جرم عائد

نیویارک ۔ 29؍ اکٹوبر ۔ (ایجنسیز): نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں مسلمان ٹیکسی ڈرائیور پر نفرت انگیز حملے کے الزام میں 23 سالہ خاتون جینیفر گیلبوٹ پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 31 جولائی کو پیش آیا، جب خاتون نے ڈرائیور کے دعا پڑھنے پر اس پر پیپر اسپرے سے حملہ کر دیا۔ حملے کا شکار ہونے والے 45 سالہ مسلمان ڈرائیور نے اس واقعے کے بعد پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔
عدالتی کارروائی کے دوران ڈسٹرکٹ اٹارنی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ نے انتہائی بے حسی سے حملہ کیا، جبکہ ڈرائیور اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ ڈرائیور محنتی نیویارکر ہے اور کسی کو بھی اپنی شناخت کی بنیاد پر اس قسم کی نفرت انگیز رویے کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ مین ہٹن میں رہنے اور کام کرنے کے لیے ہر فرد کا خیرمقدم کیا جاتا ہے، اور اس نوعیت کے واقعات ناقابلِ قبول ہیں۔



