دہلی

چندرابابو نائیڈو ہندوستان کے سب سے امیر چیف منسٹر۔ ممتا بنرجی سب سے غریب۔اے ڈی آر کی رپورٹ۔ جانیے کس کے پاس کتنی دولت ہے

نئی دہلی ۔ 30؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو 931 کروڑ روپے کی دولت کے ساتھ ہندوستان کے سب سے امیر چیف منسٹر ہیں۔ دوسری طرف مغربی بنگال کی چیف منسٹر اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے پاس صرف 15 لاکھ روپے کی دولت ہے، جبکہ تمام وزرائے اعلیٰ کی اوسط دولت تقریباً 52.59 کروڑ روپے ہے۔

غیر منافع بخش اور غیر سیاسی تنظیم اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) کے ذریعہ پیر (30؍ ڈسمبر) کو جاری رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے کل 31 چیف منسٹرس کے پاس مجموعی طور پر 1,630 کروڑ روپے کی دولت ہے۔ اس میں آندھراپردیش کے چیف منسٹر اور مرکز کی این ڈی اے اتحاد کے حلیف نائیڈو سب سے آگے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امیر چیف منسٹرس کی فہرست میں دوسرے نمبر پر اروناچل پردیش کے چیف منسٹر پیما کھانڈو ہیں، جن کے پاس 332 کروڑ روپے سے زیادہ کی دولت ہے۔ کرناٹک کے چیف منسٹر اور کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر سدارمیا کے پاس تقریباً 51 کروڑ روپے کی دولت ہے۔ سب سے امیر چیف منسٹرس کی فہرست میں وہ تیسرے نمبر پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے سب سے غریب چیف منسٹرس میں ممتا بنرجی سرِفہرست ہیں، جبکہ جموں و کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ 55 لاکھ روپے کی دولت کے ساتھ دوسرے سب سے غریب چیف منسٹر ہیں۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر کیرالہ کے چیف منسٹر پی وجین آتے ہیں، جن کے پاس تقریباً 1.18 کروڑ روپے کی دولت ہے۔

چیف منسٹرس پر موجود باقی قرضوں کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیما کھانڈو پر سب سے زیادہ 180 کروڑ روپے کا قرضہ ہے، جبکہ سدارمیا پر تقریباً 23 کروڑ اور نائیڈو پر 10 کروڑ روپے کی قرضداریاں ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کے 31 میں سے 13 چیف منسٹرس نے اپنے خلاف درج فوجداری مقدمات کا اعلان کیا ہے، جبکہ 10 کے خلاف سنگین فوجداری مقدمات درج ہیں۔ ان مقدمات میں قتل کی کوشش، اغوا، رشوت ستانی اور مجرمانہ دھمکی سے متعلق معاملات شامل ہیں۔ ہندوستان کے 31 چیف منسٹرس میں سے صرف دو خواتین چیف منسٹرس ہیں، جن میں مغربی بنگال کی ممتا بنرجی اور دہلی کی آتشی مارلینا شامل ہیں۔

Related Articles

Back to top button