ہندوستان

گوالیار میں شرپسندوں نے شادی کی بارات لے جانے والے دولہے پر فائرنگ کردی (ویڈیو)

گوالیار ۔ 3؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): مدھیہ پردیش کے گوالیار میں شادی کی بارات کے دوران موٹر سائیکل سوار شرپسندوں نے دولہا پر فائرنگ کرنے کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بگھی پر بیٹھ کر بارات لے جاتے ہوئے دولہے پر دو شرپسندوں نے پستول نکال کر فائرنگ کر دی۔ دولہا بروقت نیچے جھک گیا’ جس سے اس کی جان بچ گئی۔ اس کے بعد دولہا بگھی سے کود کر رشتہ داروں کی طرف دوڑ پڑا۔ فائرنگ کرنے کے بعد دونوں بدمعاش اپنی بُلٹ بائیک کے ذریعہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد موقعہ پر پہنچی پولیس نے جانچ پڑتال کے بعد دولہے کے والد کی شکایت اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر شرپسندوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

جنک گنج تھانہ انچارج ویپندر سنگھ چوہان نے بتایا کہ لوہا گڑھ ڈھولی بوا کا پل کے رہائشی سچن پانڈے کی پیر (2؍ ڈسمبر) کے روز شادی تھی۔ سچن کی بارات رات 9 بجے جیسے ہی چھتری منڈی ناگ دیوتا مندر کے پاس پہنچی، دو نقاب پوش شرپسند بُلٹ پر سوار ہو کر قریب آ گئے۔ اس دوران پیچھے بیٹھے ایک شرپسند نے پستول نکال کر سچن پانڈے پر گولی چلا دی۔ سچن بروقت نیچے جھک گیا اور گولی اس کے سر کے اوپر سے گزرتے ہوئے پیچھے بگھی میں جا لگی۔ فائرنگ کرنے کے بعد شرپسند وہاں سے فرار ہوگئے۔

یہ بتایا گیا ہے کہ دلہن کا خاندان دبرا کا رہنے والا ہے۔ دبرا میں دلہن کے والد اور رشتہ داروں کا وہیں کے رہنے والے انکت شرما کے ساتھ جھگڑا بھی ہوا تھا۔ جھگڑا کس وجہ سے ہوا، یہ دولہے کے رشتہ داروں نے واضح نہیں کیا ہے۔ دولہے کے والد ستیش پانڈے نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دولہا سچن پانڈے پر گولی چلانے والا انکت اور اس کا ساتھی ہی ہے۔ پولیس مشتبہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔

تھانہ انچارج ویپندر سنگھ چوہان نے بتایا کہ ستیش پانڈے نے شکایت میں بتایا کہ بیٹے کی بارات جا رہی تھی تبھی دو نوجوان بغیر نمبر کی بُلٹ پر سوار ہو کر پہنچے۔ انہوں نے دولہے پر گولی چلا دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button