دہلی انتخابات میں شاہ رخ پٹھان کو بھی مجلس اتحاد المسلمین دے سکتی ہے پارٹی ٹکٹ

نئی دہلی ۔ 25؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): طاہر حسین کے بعد شاہ رخ پٹھان کو بھی انتخابی میدان میں اتارا جا سکتا ہے۔ اسد الدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے اس کی تصدیق تو نہیں کی ہے لیکن اشارے ضرور دیے ہیں۔ خیال ہے کہ شاہ رخ پٹھان کو سیلم پور سیٹ سے میدان اتارا جا سکتا ہے۔ دہلی میں فروری میں انتخابات ہو سکتے ہیں اور اسد الدین اویسی کی پارٹی تقریباً 10 سیٹوں پر انتخابات لڑ سکتی ہے۔

اس بحث کا آغاز اس وقت ہوا جب مجلس کے ریاستی صدر شعیب جماعی نے شاہ رخ پٹھان کے گھر جا کر ان کے خاندان سے ملاقات کی۔ دو دن پہلے جماعی نے ایکس پر پٹھان کی والدہ سے ملاقات کی تصویر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ ‘‘پچھلے دنوں جیل میں بند شاہ رخ پٹھان کے گھر پر ان کی والدہ سے میری ملاقات ہوئی۔ دہلی مجلس کا ایک وفد ان کے خاندان سے ملاقات کر کے ان کے حالات اور قانونی مدد کے سلسلہ میں بات چیت کر رہا ہے۔ دہلی میں انصاف کی مہم میں ہمارا یہ چھوٹا سا قدم ان خاندانوں کو حوصلہ دے گا جن کے بچے بغیر ٹرائل کے سالوں سے جیل میں بند ہیں۔ سپریم کورٹ کے مطابق ضمانت ان قیدیوں کا حق ہے جن کے مقدمے زیر التوا ہیں۔ ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال کے اشارے پر ہی ان کے بیٹے پر کیس درج کیا گیا اور یہ بات وہ بھول نہیں سکیں گی۔’’



