کویت: گھریلو ملازمہ کے ہاتھوں بچے کے قتل کی دل دہلا دینے والی وجہ سامنے آگئی

کویت۔ 27؍ ڈسمبر ۔ (ایجنسیز): کویت کے صباح السالم علاقہ میں پیش آنے والے ایک اندوہناک واقعہ نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جہاں ایک فلپینی گھریلو ملازمہ نے مبینہ طور پر ڈیڑھ سالہ شیر خوار بچے کو واشنگ مشین میں ڈال کر قتل کر دیا۔ اس جرم نے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے ملک کو صدمہ میں مبتلا کر دیا ہے۔
قتل کی وجہ: ذاتی اختلافات
ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ فلپینی ملازمہ نے بچے کی ماں کے ساتھ ذاتی اختلافات کے باعث انتقامی کارروائی کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا۔
واقعہ کے روز متاثرہ گھرانے نے بچے کی چیخوں کی آواز سن کر واشنگ مشین کی طرف متوجہہ ہوئے، جہاں وہ ابتر حالت میں پایا گیا۔ بچے کو فوری طور پر جابر الاحمد الصباح ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ بچے کے جسم پر گہرے زخم واضح تھے، جو جرم کی شدت کو بیان کرتے ہیں۔
فلپینی ملازموں کی آمد دوبارہ کھلنے کے بعد پیش آنے والا واقعہ
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کویت نے فلپینی گھریلو ملازموں کی آمد پر عائد پابندی ہٹائے صرف تین ماہ ہوئے تھے۔ یہ پابندی ایک سال سے زیادہ عرصہ تک نافذ رہی تھی اور اس کے خاتمہ کے بعد یہ واقعہ فلپینی ملازمین کے حوالے سے خدشات کو مزید بڑھا رہا ہے۔
عوامی ردعمل اور قانونی کارروائی
کویت کے عوامی اور سماجی حلقوں میں اس جرم پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس اندوہناک واقعہ نے نہ صرف گھریلو ملازمین کے حوالے سے قوانین پر سوالات اٹھائے ہیں بلکہ خاندانوں کی جانب سے اضافی احتیاط برتنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
یہ واقعہ گھریلو ملازمین اور ان کے مالکان کے درمیان تعلقات کی نوعیت اور تنازعات کے ممکنہ اثرات کو اجاگر کرتا ہے۔ حکومت اور عوام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قوانین اور حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
صباح السالم کے علاقہ میں پیش آنے والا یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ایک المیہ ہے جو گھریلو ملازمین کے حوالے سے موجود خطرات اور ان کے حل کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔ حکام سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کر کے انصاف فراہم کریں گے۔



