کوہلی کے فیورٹ محمد سراج کو چیمپئنز ٹرافی میں جگہ نہیں ملی، روہت نے ڈراپ کرنے کی وجہ بتا دی

ممبئی ۔ 18؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): ہندوستان نے ہفتہ کو 19؍ فروری سے شروع ہونے والے آٹھ ٹیموں کے ٹورنمنٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ ہندوستان کو اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلنے ہیں۔ دبئی کی پچز تیز گیند بازوں کی زیادہ مدد نہیں کرتی ہیں، اس لیے ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح، ہندوستان نے چار اسپنرز کا انتخاب کیا ہے- کلدیپ یادو، رویندر جڈیجہ، اکسر پٹیل اور واشنگٹن سندر۔ روہت نے تسلیم کیا کہ سراج کی غیر موجودگی میں ٹیم میں تجربے کی کمی ہے لیکن انہوں نے اس فیصلے کی وجہ بھی بتائی۔
ہندوستانی کپتان روہت شرما نے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ٹیم کا اعلان کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک ایسی ٹیم چاہیے تھی جس میں ہمارے پاس دونوں آپشن ہوں یعنی نئی گیند سے گیند کرنا اور ڈیتھ اوورز میں بھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ ارشدیپ سنگھ آخر میں بولنگ کریں اور محمد شامی نئی گیند سے بولنگ کریں۔ اگر سراج نئی گیند سے گیند نہیں کر رہے ہیں تو وہ اتنا اثر نہیں ڈال سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس پر تفصیل سے بات کی ہے اور ہم صرف تین تیز گیند بازوں کو لے رہے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام آل راؤنڈر دستیاب ہوں۔ یہ سراج کی بدقسمتی ہے لیکن ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔ ہمیں خصوصی کرداروں کے لیے خصوصی کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔
محمد سراج طویل عرصے سے ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔ وہ ویرات کوہلی کی کپتانی کے دوران ہندوستان کے اہم بولر بنے۔ کوہلی اور سراج کے درمیان بہت اچھی بانڈنگ دیکھی گئی ہے۔ تاہم سراج نے بھی روہت کی کپتانی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تاہم کئی مواقع پر وہ اتنا موثر نہیں رہا۔