حیدرآباد

حیدرآباد: ڈاکٹرس کالونی کے الکانندا ہاسپٹل میں گردے کی غیر قانونی تجارت کا پردہ فاش

حیدرآباد۔ 21؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): حیدرآباد کے علاقہ ڈاکٹرس کالونی میں واقع الکانندا ہاسپٹل سے مبینہ غیر قانونی گردے کی تجارت میں ملوث ایک گروہ کا پردہ فاش کیا گیا۔ یہ کارروائی رچاکونڈہ پولیس اور محکمہ صحت کے افسران نے منگل (21؍ جنوری) کے روز مشترکہ طور پر کی۔

تفصیلات کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر محکمہ صحت کے افسران نے سرور نگر پولیس کے ساتھ الکانندا ہاسپٹل پر چھاپہ مارا۔ تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ہاسپٹل انتظامیہ کو حکومت سے کسی قسم کی اجازت حاصل نہیں تھی۔

الزام ہے کہ ہاسپٹل کا استعمال غیر قانونی گردے کی تجارت کے لیے کیا جا رہا تھا، جہاں ایک منظم گروہ مختلف ریاستوں کے غریب لوگوں کو لالچ دے کر ان سے گردے خرید رہا تھا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ گروہ نے پڑوسی ریاستوں سے ڈاکٹروں کو گردے نکالنے کے لیے شامل کیا تھا اور پھر یہ گردے ان مریضوں کو بیچ دیے جاتے تھے جنہیں گردے کی پیوندکاری کی ضرورت ہوتی تھی۔

رنگا ریڈی ضلع کے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایم ایچ او) ڈاکٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ چھاپے کے دوران دو ڈونرز اور دو گردے کے ضرورت مند مریض ہاسپٹل میں پائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ تمام ڈاکٹرس موقع سے فرار ہوگئے۔ تاہم ہاسپٹل کے منیجر سمن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مریضوں کا تعلق کرناٹک اور تمل ناڈو سے ہے۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ دو مریضوں پر گردے کی پیوندکاری کی گئی تھی۔

پولیس اور محکمہ صحت کے حکام نے چاروں افراد کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کر دیا اور الکانندا ہاسپٹل کو سیل کر دیا۔ محکمہ صحت کے افسران نے سرور نگر پولیس میں شکایت درج کرائی جس پر ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button