حیدرآباد

حیدرآباد: چیف الیکٹورل آفیسر کا سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس۔ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا جائزہ۔ 28 نومبر تک شمولیت و تصحیح کی گنجائش

حیدرآباد۔ 7؍ اکٹوبر ۔ چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا، جس میں 2025 کی فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی مہم کے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ فہرست کا مسودہ 29 اکتوبر کو جاری کیا گیا ہے اور 28 نومبر تک شمولیت اور تصحیح کی گنجائش موجود ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ وہ نقائص سے پاک فہرست تیار کرنے میں اپنی تجاویز پیش کریں۔

اجلاس میں بی جے پی، کانگریس، بی آر ایس، تلگودیشم، عام آدمی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، سی پی ایم اور مجلس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں اُن طبقات کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جنہیں ماضی میں نظرانداز کیا گیا، جیسے کہ تھرڈ جینڈر، معذورین اور قبائلی گروہ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 9 اور 10 نومبر کو رائے دہندگان فہرست کی جانچ کرسکتے ہیں اور اس دوران بوتھ سطح کے عہدیدار پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندگان کی مدد کے لیے موجود رہیں گے۔ کسی بھی تصحیح کے لیے فارم 8 کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اعتراضات اور دعوے پیش کرنے کی آخری تاریخ 28 نومبر مقرر ہے، اور درخواستیں voters.eci.gov.in ویب سائٹ یا ووٹر ہیلپ لائن ایپ کے ذریعے آن لائن دی جا سکتی ہیں۔ بوتھ سطح کے عہدیداروں کے پاس شخصی درخواستیں بھی دی جا سکتی ہیں۔

سدرشن ریڈی نے کہا کہ گریجویٹ اور ٹیچرز کونسل زمرہ جات کے لیے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام جاری ہے اور تمام اہل شہریوں، خصوصاً 18 سال سے زائد عمر کے افراد سے اپیل کی کہ وہ نظرثانی مہم میں شامل ہو کر اپنے جمہوری حق کا استعمال یقینی بنائیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button