اتر پردیش

عمران پرتاپ گڑھی سے شادی کی خبروں میں کتنی سچائی ہے؟ اقرا چودھری حسن نے سچ بتادیا

لکھنو۔ 24؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): کیرا نہ سے سماج وادی پارٹی کی ایم پی اقرا چودھری حسن نے کہا ہے کہ فی الحال ان کی شادی (نکاح) کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے اور ان کی پوری توجہہ کیرانہ کے لوگوں کے ذریعہ دی گئی ذمہ داری پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیرانہ کے لوگوں نے اتنی بڑی جوابدہی دی ہے کہ ابھی باقی چیزوں کے لیے وقت نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی اور شاعر عمران پرتاپ گڑھی کے ساتھ ان کی شادی کی تصدیق ہونے جیسی ویڈیوز کو لے کر اقرا نے کہا کہ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے اور اس سے انہیں اور ان کے خاندان کو تکلیف ہوتی ہے۔

اقرا چودھری حسن سے شالنی کپور تیواری نے پوڈکاسٹ میں ان کی 30 سال کی عمر کا حوالہ دے کر پوچھا کہ شادی کی کیا منصوبہ بندی ہے۔ اس پر اقرا نے کہاکہ ‘‘میرا ابھی کوئی خیال نہیں ہے۔ مجھے نہیں معلوم آگے کیا ہوگا، لیکن اس وقت میں بہت خوش قسمت ہوں اور میں بہت دل سے کیرانہ کے لوگوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اتنی بڑی ذمہ داری سونپی ہے۔ میری پوری توجہہ ابھی اپنے کام پر ہے، اپنی ذمہ داری پر ہے اور اس کو صحیح طریقہ سے کرنے پر ہے۔ باقی چیزوں کے لیے نہ وقت ہے، نہ اس وقت دلچسپی ہے۔’’ جب اقرا سے پوچھا گیا کہ خاندان میں کوئی شادی کے لیے نہیں کہتا تو انہوں نے کہا کہ اب کوئی نہیں کہتا۔ اب وہ کچھ ضروری کام کر رہی ہیں۔

جب اقرا چودھری سے کانگریس ایم پی عمران پرتاپگڑھی کے ساتھ شادی کی قیاس آرائیوں والے ویڈیوز کی سوشل میڈیا پر بھرمار کو لے کر پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ‘‘سب کو یہ کہنا چاہتی ہوں کہ ان باتوں میں بالکل کوئی سچائی نہیں ہے۔ اور ایسی غلط افواہ کسی فرد کے لیے، کسی لڑکی کے لیے چلانا بہت غلط ہے۔ مجھے بہت افسوس ہوتا ہے یہ دیکھ کر۔ میں سب سے گزارش کرنا چاہوں گی کہ ایسی ویڈیو بنانا بند کر دیں۔ مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے اس سے۔ میرے خاندان کو بھی۔’’

Related Articles

Back to top button