حیدرآباد

حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ میں زور دار دھماکہ

حیدرآباد۔ 10؍ نومبر ۔ (اردو لائیو): حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ میں اتوار (10؍ نومبر) کی علی الصبح ایک زوردار دھماکہ ہوا جس سے قریبی بستی میں شدید نقصان پہنچا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی اور مقامی لوگ خوفزدہ ہوگئے۔

دھماکہ جوبلی ہلز روڈ نمبر 1’ چیک پوسٹ پر واقع تلنگانہ اسپائس کچن نامی ہوٹل میں پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق، ہوٹل میں موجود فریج کا کمپریسر اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ہوٹل کی دیوار منہدم ہوگئی۔ اس دھماکے کی وجہ سے ہوٹل کے اطراف میں واقع درگا بھوانی نگر بستی میں پتھر اور ملبہ گر گیا۔ ملبہ گرنے سے اس بستی کی چار جھگیاں جھوپڑیاں تباہ ہوگئیں اور متعدد برقی کھمبے بھی ٹوٹ گئے۔ اس حادثے میں ایک خاتون زخمی بھی ہوئی۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی جوبلی ہلز پولیس فوراً جائے حادثہ پر پہنچی اور معائنہ کیا۔ ڈی سی پی وجئے کمار اور جوبلی ہلز اے سی پی وینکٹگیری نے ہوٹل کے منتظمین سے بات چیت کی۔ پولیس نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ مقامی ایم ایل اے ڈی ناگیندر بھی موقع پر پہنچے اور مقامی لوگوں سے تفصیلات حاصل کیں۔

اس دوران ہوٹل کے منتظمین نے میڈیا کو ہوٹل کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی، جس کی وجہ سے اس واقعہ کے بارے میں سوالات اُٹھ رہے ہیں۔ ہوٹل میں ہونے والے اس دھماکے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلادیا ہے اور عوام میں بے چینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔

پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ واقعہ کی مزید تفصیلات کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button