کرناٹک

حضرت سید شاہ خسرو حسینی سجادہ نشین روضہ بزرگ گلبرگہ شریف کا انتقال پرملال ۔ آج بعد نماز مغرب نمازِ جنازہ و تدفین

گلبرگہ ۔ 7؍ نومبر ۔ حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی سجادہ نشین روضہ بزرگ گلبرگہ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر کا طویل علالت کے بعد 79 سال کی عمر میں آج (7؍ نومبر ’چہارشنبہ و جمعرات کی درمیانی شب ) شب انتقال ہوگیا۔ آپ خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کے چانسلر بھی تھے۔

نماز جنازہ اور تدفین
حضرت خسرو حسینی کی نماز جنازہ بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد روضہ بزرگ میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین احاطہ درگاہ میں عمل میں آئیگی۔ آخری دیدار کے لئے سینکڑوں لوگ ان کی رہائش گاہ پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

تعلیم اور خدمات
تعلیم کے میدان میں حضرت خسرو حسینی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آپ نے اپنے والد محترم کے قائم کردہ تعلیمی اداروں کو ترقی دیتے ہوئے (خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی) ڈیمڈ یونیورسٹی کا درجہ دلوایا۔ حضرت خسرو حسینی 2007ء سے روضہ بزرگ کے سجادہ نشین و متولی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنے بڑے فرزند سید شاہ علی حسینی کو تولیت سونپ دی تھی۔

علمی و روحانی سفر
حضرت خسرو حسینی نے ابتدائی تعلیم حیدر آباد سے حاصل کی اور عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کیا۔ بعد ازاں انہوں نے عربی میں ایم اے کیا اور اسلامی تعلیمات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے کینیڈا کی مک گل یونیورسٹی سے اسلامی اسٹیڈیز میں ایم اے کیا۔ آپ کو امریکہ کی بیل فورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری سے بھی نوازا گیا۔

تصوف اور ذوقیہ شاعری
حضرت خسرو حسینی کا تصوف میں گہرا مطالعہ تھا، اور آپ نعتیہ شاعری میں بھی دلچسپی رکھتے تھے۔ آپ ایک بہترین منتظم اور ہر عمر کے لوگوں میں مقبول تھے۔ آپ کے پسماندگان میں اہلیہ، دو صاحبزادے اور تین صاحبزادیاں شامل ہیں۔

تعزیتی پیغامات
مولانا سید شاہ حسن شبیر حسینی، سجادہ نشین روضہ خرد، نے حضرت خسرو حسینی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کے انتقال کو ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے۔
حضرت خسرو حسینی کی وفات کی خبر عام ہوتے ہی ہر طرف سے تعزیتی پیغامات آنا شروع ہو گئے۔اور سوشل میڈیا پر معتقدین کی جانب سے تعزیت کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button