تلنگانہ

تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی 3 بہنوں کو سرکاری ملازمت۔ باپ کے سائے سے محروم لڑکیوں کی حوصلہ افزاء جدوجہد

جنگاؤں ’ تلنگانہ ۔ 10؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): تلنگانہ کے جنگاؤں گرنی گڈہ ’ سے تعلق رکھنے والی تین بہنوں کو سرکاری ملازمت ملی ہے، جنہوں نے اپنے والد کے انتقال کے بعد مشکل حالات کا سامنا کرتے ہوئے اپنی زندگی کو خود سنوارا۔ ان کے والد جناب کریم الدین مرحوم جو کہ مالی مشکلات سے دوچار تھے، کا انتقال ان بہنوں کی زندگیوں میں ایک بڑا دھچکہ تھا۔ جناب کریم الدین اپنی حیات میں چھ بیٹیوں میں سے صرف ایک بیٹی کی شادی کر پائے۔ کریم الدین کے انتقال کے بعد ان کی بیٹیوں نے خود روزگار کے ذریعہ اپنے اخراجات پورے کئے اور ساتھ ہی تعلیم کا سفر بھی جاری رکھا۔
ان تین بہنوں نے اردو میڈیم سے تعلیمی سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گریجویشن اور بی ایڈ کی ڈگریاں مکمل کیں۔ کچھ مہینے پہلے تلنگانہ حکومت نے اساتذہ کی تقرری کے لیے اعلامیہ جاری کیا تھا، جسے ان بہنوں نے اپنی منزل مقصود سمجھتے ہوئے اسے حاصل کرنے کیلئے بھرپور محنت کی۔ جناب محمد کریم الدین مرحوم کی تین بیٹیوں، شاہدہ بیگم، فرزانہ بیگم، اور ممتاز بیگم کی یہ محنت رائیگاں نہیں گئی جنہوں نے ڈی ایس سی امتحان میں اعلیٰ نمبرات سے کامیابی حاصل کی اور سرکاری ٹیچرس کے طور پر منتخب ہو گئیں۔ 9؍ اکٹوبر کو تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اساتذہ کے تقرری کے احکامات حیدرآباد میں ان کے حوالے کیے، جس سے ان کی والدہ اور پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
یہ تینوں بہنیں اس بات کی مثال ہیں کہ تعلیم اور عزم کے ساتھ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اردو میڈیم سے اپنی تعلیم جاری رکھی، اور یہ ان کا عزم ہی تھا جس نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔ اگر ہم اپنے مقصد کے حصول کیلئے مستقل مزاجی سے محنت کریں، تو کامیابی کی راہیں ان کے لیے ضرور کھلیں گی۔
اس کامیابی نے ان لڑکیوں کے خاندان اور پوری برادری میں خوشی کی لہر دوڑا دی، اور یہ ثابت کیا کہ حوصلے اور محنت کے ساتھ کوئی بھی خواب پورا کیا جا سکتا ہے، چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔تعلیم میں طاقت ہے اور محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے۔ ان تینوں بہنوں نے نہ صرف اپنی زندگی کو سنوارا بلکہ وہ ہر اس انسان کیلئے مثال بن گئیں جو مشکل حالات سے گھبراتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button