فلسطینمسلم دنیا

غزہ کے ڈی جی پولیس’ اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید

غزہ۔ 2؍ جنوری ۔ (پی آئی سی): فلسطینی وزارت داخلہ اور قومی سلامتی نے اعلان کیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات (2؍ جنوری) کی صبح غزہ کی پٹی میں پولیس کے ڈائرکٹر جنرل میجر جنرل محمود صلاح اور ان کے معاون میجر جنرل حسام شاہوان کو جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر شہید کر دیا۔ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے فضائی حملے کے ذریعہ میجر جنرل محمود صلاح کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ خان یونس گورنری میں موجود تھے۔ ان کے ساتھ پولیس کمانڈ کونسل کے رکن میجر جنرل حسام شاہوان بھی شہید ہو گئے۔ دونوں افسران اپنے انسانی فرائض انجام دے رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی یہ کارروائی نہ صرف ایک جنگی جرم ہے بلکہ بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ غزہ کی پٹی میں پولیس فورس ایک شہری تحفظ کا ادارہ ہے جو شہریوں کی مدد اور خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، خاص طور پر 15 ماہ سے جاری جارحیت کے دوران۔ وزارت داخلہ نے اس حملے کو غزہ میں افراتفری پھیلانے اور شہریوں کے مصائب کو مزید گہرا کرنے کی مجرمانہ پالیسی قرار دیا۔

بیان کے مطابق میجر جنرل محمود صلاح نے فلسطینی پولیس سروس کے قیام کے بعد سے 30 سال تک خدمات انجام دیں۔ وہ ایک ماہر پیشہ ور اور فلسطینی معاشرے کے تمام شعبوں میں مقبول شخصیت تھے۔ ان کی کوششوں نے غزہ کی پٹی میں سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ پولیس چیف اور ان کے معاون کی شہادت کو ایک عظیم قربانی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کا خون دیگر شہداء کی طرح رائیگاں نہیں جائے گا۔ قابض فوج کی یہ بزدلانہ کارروائی فلسطینی عوام کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔

Related Articles

Back to top button