300 روپیے کیلئے دوستوں نے دوست کا گلا کاٹ کر قتل کردیا

ناگپور۔ 3؍ فبروری ۔ (اردو لائیو): مہاراشٹرا کے شہر ناگپور میں 300 روپے کی ٹی شرٹ پر جھگڑے کے بعد دو نوجوانوں نے اپنے ہی دوست کو قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت 29 سالہ شبھم ہارنے کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اتوار (2؍ فبروری) کو شانتی نگر علاقہ میں پیش آیا۔ شبھم ہارنے کے ملزم اکشے اسولے کو 300 روپے دینے سے انکار کے بعد مبینہ طور پر جھگڑا بڑھ گیا۔ اس کے بعد اکشے نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر شبھم ہرنے کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق اکشے نے آن لائن ٹی شرٹ کا آرڈر دیا تھا لیکن وہ اس کے لیے فٹ نہیں بیٹھی۔ اکشے نے شبھم سے کہا تھا کہ یہ ٹی شرٹ رکھو۔ تاہم، اکشے اور شبھم کے درمیان اس وقت جھگڑا شروع ہو گیا جب مؤخر الذکر نے ٹی شرٹ کی ادائیگی سے انکار کر دیا۔ اس دوران تنازعہ بڑھنے پر شبھم نے غصہ میں آکر اکشے کو کچھ رقم بھی دی۔
اس کے باوجود اکشے اور اس کے بھائی پریاگ آسول نے غصہ میں آکر شبھم کا گلا کاٹ دیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ناگپور پولیس کے ڈی ایس پی مہک سوامی نے بتایا کہ دونوں بھائی اس وقت نشے میں تھے۔ ڈی ایس پی سوامی نے بتایاکہ ”یہ سب آپس میں دوست تھے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزمان نشے میں تھے۔ انہوں نے رقمی تنازعہ پر شبھم کو قتل کیا۔” ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزمان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی ہے۔