ترکی کے ریزورٹ میں آتشزدگی: 66 افراد جھلس کر ہلاک

انقرہ ۔ 21؍ جنوری ۔ (ٹی آر ٹی): شمال مغربی ترکیہ (ترکی) کے ایک سکی ریزورٹ ہوٹل میں زبردست آگ لگنے سے کم از کم 66 افراد ہلاک اور 51 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ بولو صوبے کے ایک ہوٹل میں پیش آیا جو کارتالکیا میں واقع ہے۔ ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا کہ ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں صبح ساڑھے تین بجے کے قریب آگ لگی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ فائر فائٹرز کو اسے بجھانے کے لیے کئی گھنٹے تک جدوجہد کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ہم گہرے دکھ میں ہیں، اس حادثے میں ہم نے 66 افراد کو کھو دیا ہے۔
وزیر صحت کمال میمیسوگلو کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ بولو کے گورنر عبدالعزیز آیدین نے مقامی خبر رساں ایجنسی ٹی آر ٹی کو بتایا کہ آگ ہوٹل کی چوتھی منزل سے شروع ہوئی اور تیزی سے 11 منزلہ عمارت تک پھیل گئی۔
سیکیوریٹی سسٹم ناکام
آگ لگنے کے دوران ہوٹل کا آگ کا پتہ لگانے کا نظام فیل ہوگیا تھا۔ ‘‘میری بیوی کو جلنے کی بو آ رہی تھی۔ الارم نہیں بج رہا تھا۔ ہم اوپر جانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن آگ کی وجہ سے نہیں جا سکے،’’ تیسری منزل پر رہنے والے ایک مہمان اتاکان یلکووان نے یہ بات بتائی۔ یلکووان نے یہ بھی کہا کہ فائر ٹیموں کو موقع پر پہنچنے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگا۔ انہوں نے کہا کہ بالائی منزلوں پر پھنسے ہوئے لوگ چیخ رہے تھے۔ کچھ نے چادروں سے لٹکنے کی کوشش کی اور کچھ نے اپنی جان بچانے کے لیے چھلانگ لگا دی۔
تحقیقات کا حکم
حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے چھ پراسیکیوٹر مقرر کیے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہوٹل کے لکڑی کے بیرونی ڈھانچے نے آگ کے پھیلاؤ میں کردار ادا کیا۔
161 کمروں کے اس ہوٹل کا مقام ایک کھڑی پہاڑی پر ہے جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نجی چینل این ٹی وی نے بتایا کہ ہوٹل کی پوری لابی جل کر خاکستر ہوگئی، کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، لکڑی کا استقبالیہ ڈیسک مکمل طور پر جل گیا اور فانوس زمین پر گر پڑے۔
کارتالکایا ترکی کے موسم سرما کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے، جہاں ہر سال سکی سیزن کے دوران ہزاروں سیاح آتے ہیں۔ یہ ریزورٹ استنبول سے تقریباً 295 کلومیٹر (183 میل) مشرق میں واقع ہے۔ حادثہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے معاملہ کی تفصیلی جانچ کی یقین دہانی کرائی ہے۔