شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی۔ ممبئی پولیس نے کنگ خان کے اسٹاف کو الرٹ
ممبئی ۔ 7؍ نومبر ۔ (اردو لائیو): سلمان خان کے بعد اب شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ موبائل پر دھمکی ملنے کے بعد شاہ رخ خان کی ٹیم نے شکایت درج کروائی ہے۔
ممبئی پولیس نے شکایت ملتے ہی معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، نامعلوم شخص کے خلاف ہندوستانی قانون تعزیرات (بی این ایس) کی دفعہ 308 (4)، 351 (3)(4) کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ جس نمبر سے دھمکی دی گئی ہے، وہ نمبر چھتیس گڑھ کے فیضان نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ نمبر کا سراغ لگتے ہی ممبئی پولیس رائے پور پہنچ گئی ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق ممبئی پولیس کو شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی بھرا پیغام ملا ہے۔ فی الحال، یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ پیغام کس نے بھیجا ہے۔ کچھ دن پہلے ہی پولیس نے ایک اور اداکار سلمان خان کو دھمکی دینے کے معاملے میں اتر پردیش کے نوئیڈا سے ایک نوجوان کو گرفتار کیا تھا۔
خبر ہے کہ باندرہ پولیس اسٹیشن میں ہی فون آیا تھا، جس کے بعد پولیس نے بھارتی قانون تعزیرات کے سیکشن 308 کے تحت کیس درج کر لیا ہے۔ ملزم کا فون سرویلنس پر ڈالا گیا تو پتہ چلا کہ یہ چھتیس گڑھ کے رائے پور سے آیا تھا۔ پولیس کی ایک ٹیم چھتیس گڑھ روانہ ہوئی ہے۔ یہ کال باندرہ پولیس کے پاس آیا، جس کے بعد شاہ رخ خان کے اسٹاف کو الرٹ کیا گیا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، پولیس حکام کو فیضان خان نام کے شخص کی تلاش ہے۔ دھمکی دینے کے لیے مبینہ طور پر فیضان کے فون کا استعمال کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ دھمکی دینے والے نے کروڑوں روپے کی بھتہ نہ دینے پر شاہ رخ خان کو نقصان پہنچانے کی بات کہی ہے۔