گائے کے اسمگلروں کو کھلے عام سڑکوں یا چوراہوں پر گولی مار دی جائیگی: کرناٹک منسٹر

بنگلورو۔ 4؍ فبرور ۔ (اردو لائیو): کرناٹک کے شمالی کنڑ ضلع میں گائے چوری کی وارداتوں کے درمیان ضلع کے انچارج وزیر منکل ایس ویدیا نے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گائے کی اسمگلنگ میں ملوث پائے جانے والے افراد کو کھلے عام سڑکوں یا چوراہے پر گولی مار دی جائے گی۔ ویدیا نے کہا کہ وہ ضلع میں ایسی سرگرمیوں کو جاری نہیں رہنے دیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ گائیوں اور گاؤ پالکوں کے مفادات کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ ویدیا کا یہ بیان حال ہی میں ہونناور کے قریب ایک گائے کو ذبح کرنے کے بعد آیا ہے۔
انچارج وزیر نے کہا کہ ‘‘گائے چوری کی وارداتیں کئی سالوں سے ہو رہی ہیں۔ میں نے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ یہ رکنا چاہیے اور کسی بھی قیمت پر ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ یہ غلط ہے۔ ہم گائے کی پوجا کرتے ہیں۔ ہم اس جانور کو پیار سے پالتے ہیں۔ ہم اس کا دودھ پی کر بڑے ہوئے ہیں۔‘‘ ویدیا نے صحافیوں سے کہا کہ انہوں نے پولیس کو واضح ہدایات دی ہیں کہ جو بھی اس جرم میں ملوث پایا جائے، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات میں گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔
‘‘شاید مجھے ایسا نہیں کہنا چاہیے، لیکن ۔۔۔’’
منکل ویدیا نے کہا کہ اگر ایسی وارداتیں جاری رہیں تو شاید مجھے ایسا نہیں کہنا چاہیے، لیکن میں یقینی بناؤں گا کہ ملزمان کو سڑک پر یا چوک پر گولی مار دی جائے۔ کام کرو، کماؤ اور کھاؤ۔ ہمارے ضلع میں روزگار کے بہت سے مواقع ہیں۔ مگر، ہم کسی بھی قیمت پر گاؤ اسمگلنگ میں شامل لوگوں کی حمایت نہیں کریں گے۔ انچارج وزیر نے کہا کہ ایسی وارداتیں پہلے بھی ہو چکی ہیں، جب بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں تھی۔ وزیر نے اس مسئلہ کو لے کر حکومت پر حملہ کرنے کے لیے اپوزیشن پارٹی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کرنے کا الزام لگایا۔