کانگریس لیڈر شکیل احمد خان کے 18 سالہ بیٹے نے پٹنہ میں خودکشی کرلی۔ پڑھائی کا دباؤ ہونے کا شبہ

پٹنہ۔ 3؍ فبروری ۔ (اردو لائیو): بہار سے بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ دارالحکومت پٹنہ میں کانگریس کے سینئر لیڈر شکیل احمد خان کے بیٹے نے خودکشی کر لی ہے۔ کانگریس لیڈر شکیل احمد خان کے بیٹے کی خودکشی کی خبر سامنے آتے ہی سبھی حیران و ششدر رہ گئے ہیں۔ یہ واقعہ سکریٹریٹ تھانہ علاقہ میں پیش آیا ہے۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے لیا ہے۔
کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق، کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر شکیل احمد خان کے بیٹے کی لاش ان کے والد کی سرکاری رہائش گاہ میں ملی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رہائش کے ایک کمرے میں ان کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔ ایک سینئر کانگریس لیڈر کے بیٹے نے ایسا کیوں کیا؟ اس بارے میں ابھی تفصیلی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اس حادثہ سے پورے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔
بہار کے کٹیہار ضلع کے رہنے والے شکیل احمد خان کی شبیہ ایک صاف ستھرے سیاستدان کی رہی ہے۔ اچانک ان کے بیٹے کی خودکشی کے بعد اب پولیس اس معاملہ کی تحقیقات میں لگ گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فورینسک ٹیم نے بھی موقع پر جا کر اپنی تفتیش شروع کر دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کانگریس کے سینئر لیڈر شکیل احمد خان کے بیٹے کا نام آیان تھا اور اس کی عمر تقریباً 18 سال تھی۔ شکیل احمد خان کی ایک بیٹی بھی ہے جو انگلینڈ میں قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ ایم ایل اے شکیل احمد خان فی الحال بہار سے باہر ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اتوار (2؍ فبروری)کی رات آیان کھانے کے بعد سوگئے تھے۔ صبح جب لوگوں نے دیکھا تو کمرے میں ان کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔
کانگریس لیڈر کے بیٹے کی موت کے بعد پورنیہ سے آزاد ایم پی اور کانگریس لیڈر پپّو یادو کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ پپّو یادو نے ایکس پر اپنی بات رکھی ہے۔
پڑھائی کا دباؤ ہو سکتا ہے: شاہنواز حسین
حادثہ کے بعد بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین بھی شکیل احمد خان کے گھر پہنچے۔ یہاں شاہنواز حسین نے کہا کہ شکیل احمد خان یہاں موجود نہیں ہیں۔ ان کے بیٹے نے خودکشی کر لی ہے۔ کمرے کا دروازہ توڑ کر دیکھا تو لاش ملی۔ آیان پڑھائی کر رہا تھا۔ سب کچھ ٹھیک تھا، لیکن خودکشی کیوں کی یہ معلوم نہیں۔ ہو سکتا ہے کہ پڑھائی کا دباؤ ہو۔