کامیڈین منور فاروقی کا نام بھی لورنس بشنوئی کی ہٹ لسٹ میں شامل۔ چونکا دینے والی تفصیلات سامنے آگئیں

ممبئی ۔ 14؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): بابا صدیقی کے قتل کے بعد لورنس بشنوئی گینگ کے ارادوں سے متعلق کچھ چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے ہیں۔ اب خبر ہے کہ ان کی ہٹ لسٹ میں اسٹانڈاپ کامیڈین منور فاروقی کا نام بھی شامل ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق چند روز قبل دہلی میں ہونے والے ایک ایونٹ میں منور فاروقی کے پیچھے بشنوئی گینگ کے دو شوٹرز تھے۔ تاہم پولیس کو ملی خفیہ اطلاعات کے باعث ان کے ارادے ناکام ہو گئے۔
کیا منور بھی ہٹ لسٹ میں؟
بابا صدیقی کے قتل کے بعد پولیس لورنس بشنوئی گینگ کے نیٹ ورک کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس دوران خبر ہے کہ ہٹ لسٹ میں سلمان خان کے علاوہ منور فاروقی اور دیگر کئی سیاستدان اور مشہور شخصیات کا نام بھی شامل ہے۔ نیوز چینل ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں کامیڈین منور فاروقی بشنوئی گینگ کے نشانے پر تھے، جب وہ ایونٹ میں شرکت کے لیے ممبئی سے دہلی گئے تھے۔ جس فلائٹ میں منور تھے، اس میں لورنس بشنوئی کے دو شوٹرز بھی موجود تھے۔ دونوں نے جنوبی دہلی کے سوریہ ہوٹل میں کمرہ بک کروایا تھا، جہاں منور بھی ٹھہرے ہوئے تھے۔ دہلی پولیس پہلے سے ان شوٹرز کی تلاش میں تھی کیونکہ انہوں نے دہلی کے ایک بزنس مین کا بھی قتل کیا تھا۔
کیوں ہیں منور فاروقی نشانے پر؟
دہلی پولیس ٹیم کو ملی اطلاع کے مطابق شوٹرز اسی ہوٹل میں ہیں، تو وہاں چھاپہ مارا گیا۔ اس سے پہلے منور فاروقی کو دھمکی مل چکی تھی۔ پولیس نے دھمکی اور بشنوئی گینگ کے ارکان کے ہوٹل میں قیام کو جوڑا تو صورتحال واضح ہو گئی۔ اس کے بعد یہ خیال ظاہر کیا گیا کہ ممکنہ طور پر یہ دونوں منور فاروقی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا کر آئے تھے۔ کچھ میڈیا ہاؤسز کے آفیشلز نے تصدیق کی کہ منور گینگ کے نشانے پر ہیں۔