ہندوستان

راجستھان میں بس اور ٹیمپو میں خوفناک تصادم۔ 8 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

دھولپور’ راجستھان ۔ 20؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): راجستھان کے دھول پور ضلع کے باری صدر تھانہ علاقے میں این ایچ 11 بی پر سنی پور گاؤں کے قریب رات تقریباً 11 بجے ایک سلیپر کوچ بس نے ٹیمپو کو ٹکر مار دی۔ اس المناک حادثے میں آٹھ بچوں سمیت گیارہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع کے مطابق باری شہر کے کریم کالونی گمٹ محلہ کے رہنے والے نہنو ولد غفور خان اپنے اہل خانہ کے ساتھ رشتہ داروں کے درمیان بھات پروگرام (شادی سے پہلے کی رسومات) میں شرکت کے لیے سرمتھورا تھانہ علاقہ کے گاؤں بارولی گئے ہوئے تھے۔ ہفتہ کی دیر رات بھات پروگرام میں شرکت کے بعد تمام کنبہ کے افراد ایک ٹیمپو میں گھر واپس ہو رہے تھے کہ سنی پور گاؤں کے قریب باری سے تیز رفتاری سے جا رہی ایک سلیپر کوچ بس نے اسے سامنے سے ٹکر مار دی۔
سلیپر کوچ بس اور ٹیمپو کے درمیان تصادم میں 14 سالہ عاصمہ ولد عرفان عرف بنٹی، 38 سالہ عرفان عرف بنٹی ولد گفو، 8 سالہ سلمان ولد عرفان عرف بنٹی، 6 سالہ ساکر ولد عرفان عرف بنٹی، 10 سالہ دانش ولد ظہیر، 5 سالہ اجان ولد آصف، 35 سالہ زرینہ زوجہ نہنو، 10 سالہ آشیانہ بیٹی نہنو، 7 سالہ سکھی بیٹی نہنو، 9 سالہ سنیف ولد نہنو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں میں جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال دھول پور ریفر کیا گیا، عرفان عرف بنٹی کی بیوی 32 سالہ جولی راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ جبکہ زخمی 38 سالہ دھرمیندر ولد ملکھان، 10 سالہ ساجد ولد آصف اور 32 سالہ پروین زوجہ ظہیر کو ڈسٹرکٹ ہاسپٹل دھول پور میں شریک کرایا گیا ہے۔
باری کوتوالی تھانہ انچارج شیولہری مینا نے بتایا کہ باری شہر کے کریم کالونی گمٹ محلہ کے رہائشی نہنو اور ظہیر کے افراد خاندان بروالی گاؤں میں رشتہ داروں کے بھات پروگرام میں شرکت کے بعد واپس گھر لوٹ رہے تھے۔ رات کو سنی پور گاؤں کے قریب سلیپر کوچ بس نے ٹیمپو کو ٹکر ماردی، حادثے میں آٹھ بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
زخمیوں میں سلیپر کوچ بس کا ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام نعشوں کو مردہ خانہ میں رکھوا دیا گیا ہے۔ آج اتوار کو پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ حادثے کا شکار ہونے والے دونوں گاڑیوں کو پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔ حادثے کی وجوہات کی پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔ ادھر، حادثے کی خبر سن کر باری ایڈیشنل ایس پی اے ڈی ایف کمل کمار جانگڑ، باری کے نائب ضلع کلکٹر درگا پرساد مینا، باری کے سرکل آفیسر مہندر کمار مینا، باری صدر تھانہ انچارج وِنود کمار موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button