ہندوستان

بنگلہ دیشی ہندوؤں کا بدلہ ہندوستان کے مسلمانوں سے لینے کی دھمکی۔ مدھیہ پردیش میں سادھوی رادھا کشوری کی زہر افشانی (ویڈیو)

گونا ’ مدھیہ پردیش ۔ 3؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہو رہے ظلم کے خلاف مدھیہ پردیش کے گونا میں ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ گنا کے ہنومان چوراہے پر عوامی غصہ کی سبھا کا انعقاد کیا گیا۔ ہزاروں لوگوں نے ہاتھ میں بینرس’ پوسٹرس لے کر مارچ بھی نکالا۔ اس دوران سادھوی رادھا کِشوری نے متنازعہ بیان بھی دے ڈالا۔انہوں نے بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ظلم روکنے کی اپیل کرتے ہوئے ہندوستانی مسلمانوں کو ہی دھمکی دے ڈالی اور کہا کہ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ان کے بھائی جان ہندوستان میں ہیں اور وہ بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

سادھوی نے زہرافشانی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ہندوؤں سے متحد ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ ہندستان کو بنگلہ دیش بننے سے بچانے کے لیے ایک جٹ رہنا ہے۔ انہوں نے پڑوسی ملک میں ہندوؤں پر ظلم کا ذکر کرتے ہوئے ملک کے مسلمانوں سے ہی بدلہ لینے کی دھمکی دے ڈالی۔ سادھوی نے کہا کہ میں بنگلہ دیش کے لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ جو ظلم تم ہمارے بھائی’ بہنوں پر کر رہے ہو، یہاں ہندوستان میں بھی تمہارے کچھ بھائی ہیں، جنہیں تم بھائی جان کہتے ہو۔ وہ ہندوستان میں محفوظ نہیں رہیں گے، اگر بنگلہ دیش میں ہندوؤں کو پریشان کیا تو۔ وہاں کی حکومت بھی کان کھول کر سن لے کہ ہمارا ہندو سڑکوں پر آ چکا ہے۔ بہت سہ لیا، اب نہیں سہیں گے۔ ہم ہندو ہیں، ہم لے کر ہی رہیں گے۔

سادھوی نے باگیشور بابا کی یاترا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوؤں کی ایکتا کے لیے یاترا کر رہے ہیں۔ ان کا خواب ہے کہ ہمارا ہندوستان ہندو راشٹرا بنے گا۔ رادھا کِشوری نے کہا کہ میرا من یہ دیکھ کر بہت دکھی ہوتا ہے کہ ہندوستان میں بھگوان رام کے جنم کا ثبوت مانگا جاتا ہے۔ ہندوستان میں ایک معمولی شخص رام چرتر مانس کو جلا دیتا ہے۔ امرناتھ کی یاترا کو روک دیا جاتا ہے۔ پالگھر میں سنتوں کا قتل کیا گیا۔ اس سے بھی زیادہ دکھ کی بات یہ ہے کہ یہ سب منظر ہندو بھائی خاموشی سے دیکھتے ہیں، ویڈیو بناتے رہتے ہیں۔ آواز نہیں اٹھاتے۔ ہم سب مل کر عہد کرتے ہیں کہ جب کسی ہندو بھائی پر کوئی بحران آئے تو ہمیں ڈٹ کر سامنا کرنا ہے۔ ہاتھ پکڑ کر کہنا ہے کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button