مسلم دنیا

ایران شامی عوام کو تقسیم کرنے اور بھڑکانے سے گریز کرے: عرب لیگ کا مطالبہ

دمشق ۔ 27؍ ڈسمبر ۔ (ایجنسیز): عرب لیگ نے شام کے معاملات میں ایرانی مداخلت اور تقسیم پیدا کرنے کے کسی بھی بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ جمعرات (26؍ ڈسمبر) کے روز عرب لیگ نے ایران سے اپیل کی کہ وہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمo کے بعد شامی عوام میں تنازعات یا تقسیم کو ہوا دینے سے باز رہے۔

8؍ ڈسمبر کو بشار الاسد اور ان کے خاندان کی حکومت کا خاتمہ ہوا، جس کے بعد اقتدار ‘ھیتہ التحریر الشام’ نے سنبھال لیا ہے۔ عبوری حکومت نے اقتدار میں آتے ہی شام میں نئی سیکیورٹی پالیسیز نافذ کرنا شروع کر دی ہیں۔

بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد ایران اپنے ایک اہم اتحادی سے محروم ہو چکا ہے، جو خطہ میں اس کی حکمت عملی کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔ لبنان میں موجود ایرانی پراکسیز پہلے ہی اسرائیلی بمباری کے باعث کمزور ہو چکی ہیں، اور اب شام میں اتحادی حکومت کا خاتمہ ایران کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

عرب لیگ کا مطالبہ
عرب لیگ نے اپنے بیان میں شام کو تنہائی سے نکالنے، اس کی خودمختاری کا احترام کرنے، اور کسی بھی عسکری گروپ کو غیر قانونی اسلحہ فراہم نہ کرنے پر زور دیا ہے۔ تنظیم نے واضح کیا ہے کہ شام کے اندر گڑبڑ کے کسی بھی واقعہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر کا بیان اور ردعمل
ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ ‘‘شام میں نئے باوقار اور مضبوط گروپ ابھریں گے’’ اور شامی نوجوانوں کے پاس ضائع کرنے کے لیے کچھ باقی نہیں رہا۔ تاہم، ایران کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جمعرات کو اس بات کی تردید کی کہ ایران شامی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

عبوری حکومت کی سیکیورٹی فورسز نے صوبہ طرطوس میں جمعرات کو ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔

عرب لیگ کی تشویش
عرب لیگ نے شام کے مختلف شہروں میں گڑبڑ اور بدامنی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایران کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے اقدامات شامی عوام کے درمیان امن اور استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں۔

عرب لیگ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ خطہ میں استحکام کے لیے شام کی داخلی خودمختاری کا احترام اور اس کے مسائل کو اندرونی سطح پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایرانی مداخلت اور تقسیم کی کوششوں کو روکنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے عرب لیگ نے خطہ کے دیگر ممالک کو بھی شام کے معاملہ میں محتاط رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔

Related Articles

Back to top button