امیتابھ بچن: دن میں 200سگریٹ’ گوشت خوری اور شراب کے رسیا بالی ووڈ کے مہا نائیک کے ماضی کی جھلک

ممبئی ۔ 2؍ اکٹوبر ۔ (اردو لائیو): بالی ووڈ کے مہانائیک امیتابھ بچن ہر صبح گیتا پڑھتے ہیں، ستار بجاتے ہیں اور فرصت کے اوقات میں کتابیں بھی پڑھتے ہیں۔ لیکن وہ ہمیشہ سے ایسے نہیں تھے۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ چین اسموکر (سگریٹ نوشی) ہوا کرتے تھے۔ اس بات کا خلاصہ خود امیتابھ نے کیا تھا۔ انہوں نے سال 1980 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ گوشت بھی کھاتے تھے اور شراب بھی پیتے تھے۔ حالانکہ، اب انہوں نے یہ سب چھوڑ دیا ہے۔
44 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے امیتابھ بچن نے نہ سگریٹ کو ہاتھ لگایا ہے، نہ شراب پی ہے اور ہی نہ گوشت کھایا ہے۔ حالانکہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ چین اسموکر ہوا کرتے تھے اور ایک دن میں 200 سگریٹ پیا کرتے تھے۔
امیتابھ بچن نے انڈیا ٹو ڈے کو دیے، انٹرویو میں کہا تھاکہ ‘‘میں نہ سگریٹ نوشی کرتا ہوں، نہ شراب پیتا ہوں اور نہ گوشت کھاتا ہوں۔ پہلے میں گوشت بھی کھاتا تھا، شراب بھی پیتا تھا اور سگریٹ نوشی بھی کرتا تھا۔ لیکن اب (1980) میں نے یہ سب چھوڑ دیا ہے۔ جب میں کلکتہ میں تھا تب میں ایک دن میں 200 سگریٹ پی جاتا تھا۔ جی، 200 لیکن پھر میں نے بامبے (ممبئی) آنے کے بعد سگریٹ نوشی چھوڑ دی۔ مجھے جو سگریٹ دکھتا تھا میں وہ پی لیتا تھا، لیکن پھر مجھے سمجھ آیا کہ مجھے اسکی ضرورت نہیں ہے۔’’
ایسے میں امیتابھ سے پوچھا گیا تھا کہ کیا انہوں نے یہ مذہبی وجوہات کی بناء پر چھوڑا تھا؟ اس پر امیتابھ نے کہا تھا کہ مذہبی تو نہیں، شخصی وجوہات کی بنا پر چھوڑا تھا۔ ہمارے خاندان میں میرے والد سبزی خور ہیں اور میری ماں گوشت کھاتی ہیں۔ اسی طرح میری اہلیہ جیا گوشت کھاتی ہیں اور میں نہیں کھاتا۔
فلم ‘‘قلی’’ کے دوران ہوئے حادثہ کے بعد امیتابھ بچن نے دوائیوں کے بھاری ڈوز لے لیے تھے۔ ایسے میں اس حادثہ کے فوراً بعد وہ مایستھینیا گریوس (Myasthenia Gravis) نامی بیماری کا شکار ہو گئے تھے۔ پھر ہیپیٹائٹس وائرس کی وجہ سے انہیں جگر کا سیروسس ہوگیا تھا۔ جس کے نتیجہ میں انکا 75 فیصدجگر متاثر ہو گیا اور ڈاکٹر کو جگر کا یہ 75 فیصد حصہ کاٹ کر الگ کرنا پڑا۔ ایسے میں اب امیتابھ 25 فیصد جگر پر زندہ ہیں۔ تاہم امیتابھ بچن نے کبھی بھی ہمت نہیں ہاری۔ وہ 82 سال کی عمر میں بھی ہر روز شوٹنگ کرتے ہیں اور لوگوں کو موٹیویٹ کرتے ہیں۔