بھگدڑ کے بعد اللوارجن نے کہا تھا ‘‘اب تو فلم ہٹ ہونے والی ہے’’: اکبر الدین اویسی
حیدرآباد ۔ 21؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی جناب اکبر الدین اویسی نے ‘پشپا۔2’ ایکٹر اللو ارجن کو لے کر چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے۔ تلنگانہ اسمبلی میں بولتے ہوئے جناب اکبر اویسی نے کہا کہ بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت کے باوجود اللو ارجن نے فلم دیکھی اور جاتے وقت اپنے مداحوں کی طرف ہاتھ بھی ہلایا۔ ایکٹر کا نام لیے بغیر انہوں نے کہاکہ’مجھے یہ پتا چلا کہ جب اللو ارجن کو بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت کی خبر ملی تو انہوں نے کہا کہ ‘‘اب فلم ہٹ ہونے والی ہے۔’’
جناب اکبر الدین اویسی نے بلاک بسٹر فلم ‘پشپا 2: دی رول’ کے پریمیئر میں بھگدڑ پر تلگو سپر اسٹار اللو ارجن کے غیر حساس ہونے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ بھگدڑ کی واقعہ کے بعد بھی انہوں نے فلم دیکھی اور واپس جاتے وقت اپنی کار سے بھیڑ کی جانب ہاتھ ہلایا۔ انہوں نے متاثرہ اور اس کے خاندان والوں کا حال چال جاننے کی بھی زحمت نہیں کی۔ میں بھی عوامی جلسوں میں جاتا ہوں جہاں ہزاروں لوگ آتے ہیں، مگر یہ یقینی بناتا ہوں کہ بھگدڑ جیسا کوئی واقعہ نہ ہو۔