ممبئی

اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملہ

ممبئی ۔ 16؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): بالی ووڈ اداکار سیف علی خان اور ایکٹریس کرینہ کپور کے باندرا ویسٹ والے گھر میں جمعرات (16؍ جنوری) کی صبح تقریباً 2:30 بجے چوری کا بڑا واقعہ پیش آیا۔ چوری کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ بھی کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ سیف علی خان کو لیلاوتی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں پہلے چاقو مارا گیا ہے یا چور کے ساتھ ہوئی جھڑپ میں وہ زخمی ہوئے ہیں۔ ممبئی پولیس اور کرائم برانچ دونوں ہی اس معاملہ کی تحقیقات میں لگے ہوئے ہیں۔

باندرا پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے اور ملزم کو پکڑنے کے لیے کئی ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ کرینہ کپور اور ان کے بچے محفوظ ہیں۔ وہ اس وقت سیف کے ساتھ لیلاوتی ہاسپٹل میں ہیں۔ خاندان نے فی الحال اس واقعہ پر کوئی آفیشیل اسٹیٹمنٹ جاری نہیں کیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس جلد ہی معاملہ پر تفصیلی معلومات شیئر کر سکتی ہے۔ گھر کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

جس وقت یہ واردات ہوئی اس وقت ایکٹر خاندان کے دیگر ارکان کے ساتھ گھر میں سو رہے تھے۔ پولیس کے مطابق چور نے گھر کے اندر گھس کر سیف علی خان کو چاقو مار دیا۔ جب گھر کے ارکان جاگ گئے تو چور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس اب اس کی تلاش کر رہی ہے۔

لیلاوتی ہاسپٹل کے سی او او ڈاکٹر نیراج اتھمانی نے بتایا کہ سیف پر ان کے گھر میں کسی اجنبی شخص نے حملہ کیا۔ سیف حملے میں زخمی ہو گئے۔ ایسے میں انہیں صبح ساڑھے تین بجے لیلاوتی ہاسپٹل لایا گیا۔ انہیں چھ جگہ زخم آئے ہیں، جن میں سے دو جگہ پر گہرے زخم لگے ہیں۔ ایک زخم ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب اور ایک گردن پر آئے ہیں۔ نیوروسرجن نتن ڈانگے، کاسمیٹک سرجن لیینا جین اور اینیستھیٹسٹ نیشا گاندھی نے صبح 5:30 بجے ان کی سرجری شروع کر دی تھی اور ابھی بھی وہ ان کی سرجری میں مصروف ہیں۔ سرجری کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ سیف کی حالت کیسی ہے۔

Related Articles

Back to top button