سیف علی خان پر حملہ کرنے والا ملزم مدھیہ پردیش سے گرفتار

ممبئی ۔ 18؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): ممبئی پولیس نے سیف علی خان کیس میں بڑی کارروائی کی ہے۔ پولیس نے مدھیہ پردیش سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔ فی الحال ملزم حراست میں ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
قارئین کو بتا دیں کہ چہارشنبہ (16؍ جنوری) کی رات دیر گئے ایک نوجوان بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کے ممبئی کے گھر میں داخل ہوا اور ان پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں اداکار کو شدید چوٹیں آئیں اور انہیں لیلاوتی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ سیف کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو کا ایک حصہ بھی نکال دیا گیا۔ تاہم دو سرجریوں کے بعد اداکار اب خطرے سے باہر ہیں اور انہیں آئی سی یو سے نجی کمرے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیف کی اہلیہ و اداکارہ کرینہ کپور نے اپنا بیان بھی ریکارڈ کرایا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ اپنے بیان میں کرینہ نے کہا کہ سیف کے ساتھ ہاتھا پائی کے دوران حملہ آور بہت جارحانہ ہوگیا اور اس نے سیف پر چاقو سے کئی وار کیے۔ تاہم اس نے کھلے میں رکھے زیورات کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد کرینہ کی بہن کرشمہ کپور انہیں اپنے گھر کھر لے گئیں۔
ممبئی پولیس کے مطابق حملہ آور نے حملہ کے بعد ائرفون خریدے تھے۔ دکاندار نے کہا کہ وہ (مشتبہ) میری دکان پر آیا اور 50 روپے میں ایک ایئر فون خریدا۔ کچھ پولیس افسران کل (جمعہ) دکان پر آئے اور سی سی ٹی وی فوٹیج لے گئے۔ انہوں نے اس شخص (مشتبہ) کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی۔ میں نہیں جانتا تھا کہ اس نے کیا کیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سیف علی خان جب ہاسپٹل آئے تو ان کے جسم سے بہت زیادہ خون بہہ رہا تھا لیکن پھر بھی وہ شیر کی طرح آئے۔ انہوں نے سیف کو حقیقی زندگی کا ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر زخم تھوڑا گہرا ہوتا تو اداکار کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔