
ممبئی ۔ 5؍ مارچ ۔ (اردو لائیو): سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی کو اورنگ زیبؒ کی تعریف کرنے پر مہاراشٹرا اسمبلی کے پورے اجلاس کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ جیسے ہی بدھ کو اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی، پارلیمانی امور کے وزیر چندرکانت پاٹل نے ان کی معطلی کی تجویز پیش کی۔
بی جے پی ایم ایل اے سدھیر منگنٹیوار نے اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ابو اعظمی کو صرف ایک یا دو سیشن کے لیے نہیں بلکہ مکمل طور پر ایم ایل اے کے عہدے سے معطل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ”چھترپتی شیواجی مہاراج کی پوجا کی جاتی ہے اور ہم ان کی توہین کرنے والوں کو آسانی سے نہیں چھوڑ سکتے۔”
ابو عاصم اعظمی نے کیا کہا؟
ایم ایل اے ابو اعظمی نے مراٹھا ہیرو چھترپتی سنبھاجی مہاراج پر مبنی فلم ‘چھوا’ کو لے کر بیان دیا تھا۔ اعظمی نے فلم میں تاریخی واقعات کی تصویر کشی پر تنقید کی اور کہا کہ اورنگ زیب ایک اچھے منتظم تھے۔
اعظمی نے یہ بھی کہا، ”فلم ‘چھوا’ میں غلط تاریخ دکھائی جا رہی ہے۔ اورنگ زیب نے بہت سے مندر بنائے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہ ظالم حکمران تھے۔” اس کے ساتھ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اورنگ زیب کے دور میں ہندوستان کو سونے کی چڑیا کہا جاتا تھا۔
معافی بھی مانگ لی
تاہم، سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے نے مغل بادشاہ اورنگزیب کی تعریف کرنے والے اپنے ریمارکس پر معذرت کر لی ہے۔ اعظمی نے کہا کہ ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے اور اگر جذبات مجروح ہوئے ہیں تو وہ اپنا بیان واپس لینے اور معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ میں نے اورنگزیب رحمتہ اللہ علیہ کے بارے میں وہی بیان دیا ہے جو ہمارے سامنے مورخین اور مصنفین نے پیش کیا ہے۔ میں نے چھترپتی شیواجی مہاراج، چھترپتی سمبھاجی مہاراج یا کسی دوسرے شخصیت کے بارے میں کوئی توہین آمیز بیان نہیں دیا ہے۔



