مہا کمبھ میلے میں شیخ کے بھیس میں ایک نوجوان ریل بنانے پہنچا۔ سادھوؤں نے اس کی بری طرح پٹائی کردی (ویڈیو)

پریاگ راج ۔ 20؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): مہا کمبھ 2025 میں بہت سی چیزیں وائرل ہو رہی ہیں۔ اب یہاں سے ایک نیا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ یہ ویڈیو ایک نوجوان کا ہے جو فرضی شیخ کا روپ اختیارکرکے مہا کمبھ میں پہنچا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ وہ مہا کمبھ میں ریل بنانے آئے تھے۔ لیکن یہاں اس کے ساتھ وہ کچھ ہوا جس کا شاید اس نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔ کچھ سادھوؤں نے اسے پکڑ لیا اور بہت مارا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان عربی شیخ کا لباس پہن کر میلے میں آیا ہے۔ اس کے ساتھ دو اور نوجوان بھی ہیں، جو اس کے محافظ ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ ویڈیو بنانے والا شخص پوچھتا ہے کہ آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں۔ جواب میں نوجوان کہتا ہے سب ٹھیک ہے۔ اس کے بعد اس سے پوچھا جاتا ہے کہ اس کا نام کیا ہے؟ پھر اس کے ساتھ چلنے والے دو اور نوجوان بولتے ہیں شیخ پریمانند’ وہ بتاتا ہے کہ وہ راجستھان سے آیا ہے۔
ویڈیو کے اگلے حصہ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ نوجوان کو گھیرے ہوئے ہیں۔ اس میں کچھ سادھو بھی ہیں۔ یہ لوگ اس کے شیخ کی پگڑی اتار دیتے ہیں۔ اسی دوران ایک سادھو نوجوان کا گریبان پکڑے ہوئے ہے۔ ساتھ ہی ویڈیو میں بڑی تعداد میں لوگ اسے ‘‘مار ڈالو’’ بھی کہہ رہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ مہا کمبھ 2025 میں بڑی تعداد میں لوگ ویڈیو بنانے پہنچ رہے ہیں۔ یہاں سے کئی ویڈیوز بھی وائرل ہو چکے ہیں۔