انٹرنیشنل

اسرائیل میں موساد ہیڈ کوارٹر کے قریب فوجیوں پر ٹرک چڑھا دیا گیا۔ پانچ ہلاک ’ درجنوں زخمی (ویڈیو)

تل ابیب۔ 27؍ اکٹوبر ۔ (ایجنسیز): اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں موساد ہیڈکوارٹر کے قریب ‘‘رن اوور’’ واقع پیش آیا جس میں پانچ اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ العربیہ اور الحدث کے نامہ نگاروں نے رپورٹ کیا کہ یہ واقعہ شمالی تل ابیب میں موساد کے ہیڈکوارٹر کے قریب پیش آیا، جب ایک ٹرک نے بس اسٹیشن پر موجود لوگوں کو کچل دیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں تقریباً 20 فوجیوں سمیت 50 افراد زخمی ہوئے۔

اسرائیلی پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو موقع پر گولی مار کر ہلاک کردیا اور اس واقعہ کے بعد فوری طور پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بتایا گیا کہ حملہ آور کا تعلق مشرقی یروشلم سے تھا، اور ابتدائی تحقیقات میں یہ واقعہ ممکنہ طور پر یہودی دشمنی کا نتیجہ سمجھا جا رہا ہے۔

اسرائیلی چینل 13 نے اطلاع دی کہ یہ حادثہ تل ابیب کے شمال میں ایک بس سٹیشن پر پیش آیا، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ اسرائیلی واللا ویب سائٹ نے اطلاع دی کہ زخمیوں میں سے 10 کی حالت نازک ہے۔ عبرانی اخبار ‘یدیعوت احرونوت’ نے مزید رپورٹ کیا کہ گیلوت بیس کے قریب کچھ افراد ٹرک کے نیچے پھنس گئے تھے۔

واقعہ کے فوری بعد ایمبولینس اور ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ اسرائیلی ٹی وی چینلز نے جائے حادثہ کے مناظر نشر کیے ہیں جہاں پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے، جبکہ زخمیوں کو ایمبولینس اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب اسرائیل اپنی سرزمین پر حماس کے حملے کی پہلی برسی منا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button