حیدرآباد: بیگم بازار میں بیوی اور بیٹے کا قتل کرکے سراج نامی شخص نے خودکشی کرلی
حیدرآباد ۔ 13؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): حیدرآباد کے بیگم بازار علاقہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں سراج علی نامی شخص نے اپنی اہلیہ اور بیٹے کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق یہ سنسنی خیز واردات جمعرات (12؍ ڈسمبر) کی رات پیش آئی۔ سراج علی، جو اتر پردیش سے تعلق رکھتا تھا، اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ بیگم بازار کے توپ خانہ علاقہ میں رہائش پذیر تھا۔ اس نے چند دن قبل ہی یہ مکان کرائے پر لیا تھا اور بیگم بازار میں ایک بینگل اسٹور پر کام کرتا تھا۔
سراج نے پہلے اپنی اہلیہ کا گلا کاٹ کر قتل کیا، اس کے بعد چھوٹے بیٹے فیضان کا گلا گھونٹ کر جان لے لی۔یہ خوفناک واردات سراج نے اپنے ایک اور بیٹے کے سامنے انجام دی، جو یہ منظر دیکھ کر خوفزدہ ہو کر گھر سے بھاگنے میں کامیاب رہا۔ ان دونوں قتل کے بعد سراج نے خود پھانسی لگا کر اپنی جان لے لی۔
اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور لاشوں کو عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے مردہ خانے منتقل کردیا۔ جائے وقوعہ سے پولیس کو ایک خودکشی نوٹ بھی ملا، جس میں سراج نے اپنی بیوی کے کردار پر شک ظاہر کیا تھا۔ پولیس نے خاندانی تنازعہ کو اس واردات کی ممکنہ وجہ قرار دیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور معاملے کی گہرائی سے چھان بین جاری ہے۔