بہار

مرد ٹیچر کو حاملہ قرار دے کر 6 ماہ کی میٹرنیٹی چھٹی دے دی گئی۔ بہار کے سرکاری اسکول میں پیش آیا حیرت انگیز واقعہ

ویشالی’ بہار۔ 24؍ ڈسمبر ۔ (اردو لائیو): بہار کے ویشالی ضلع میں ایک مرد استاد کی طرف سے زچگی کی چھٹی یعنی میٹرنٹی لیو پر جانے کا عجیب واقعہ سامنے آیا ہے۔ مہوا بلاک کے تحت حسن پور اوستی ہائیر سکنڈری اسکول میں کام کرنے والے بی پی ایس سی استاد جیتندر کمار 6 ماہ کی زچگی کی چھٹی پر ہیں۔ اس معاملہ پر چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں۔ ایک مرد استاد کو محکمہ تعلیم کی طرف سے حاملہ قرار دے کر زچگی کا فائدہ دینے پر لوگ حیران ہیں۔

اطلاعات کے مطابق حسن پور اوستی اسکول میں بی پی ایس سی سے تعینات استاد جیتندر کمار یکم؍ نومبر سے زچگی کی چھٹی پر ہیں۔ انہوں نے 30؍ اکٹوبر کو ضلعی تعلیمی افسر (ڈی ای او) سے اسکول میں درخواست دے کر 6 ماہ کی چھٹی منظور کروائی تھی۔ جب محکمہ تعلیم کی جانب سے ان کی چھٹی کو حاملہ قرار دے کر میٹرنیٹی بینیفٹ کے تحت اعلان کیا گیا تو یہ خبر موضوعِ بحث بن گئی۔

استاد جیتندر کمار سنگھ کی اہلیہ ندھی کماری بھی سرکاری ٹیچر ہیں اور لودی پور ہائیر سکنڈری اسکول میں تعینات ہیں۔ جیتندر نے اپنی اہلیہ کی طبیعت خراب ہونے کا حوالہ دے کر بغیر تنخواہ کی چھٹی لی تھی۔ محکمہ تعلیم نے غلطی سے اسے زچگی کے فائدے کے تحت چھٹی دیتے ہوئے منظور کر لیا۔

بلاک تعلیمی افسر (بی ای او) ارچنا کماری نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کے ای-ایجوکیشن پورٹل پر تکنیکی خرابی کی وجہ سے مرد استاد کو زچگی کی چھٹی دے دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرد استاد کو اس قسم کی چھٹیاں دستیاب نہیں ہیں۔ یہ انسانی غلطی نہیں، بلکہ تکنیکی خرابی ہے۔ اس کی تمام معلومات ضلعی تعلیمی منصوبے کو فراہم کر دی گئی ہیں اور جلد ہی اصلاح کی جائے گی۔

استاد جیتندر کمار سنگھ کی بغیر تنخواہ کی چھٹی کو میٹرنٹی لیو میں تبدیل کرنے کے معاملہ پر ضلعی تعلیمی دفتر نے خود کو الگ کر لیا ہے۔ ضلعی تعلیمی افسر (ڈی ای او) نے اس حوالے سے اسکول کے پرنسپل سے وضاحت طلب کی ہے۔ انہوں نے اسکول کے پرنسپل اور متعلقہ استاد کے خلاف محکمہ جاتی اور انضباطی کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ ڈی ای او نے واضح طور پر کہا ہے کہ مذکورہ استاد کی چھٹی زچگی کے فائدے کے تحت پرنسپل کی آئی ڈی سے دی گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button