
واشنگٹن ۔ 15؍ فبروری ۔(اردو لائیو ویب ڈیسک): گزشتہ روز ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے اپنی گرل فرینڈ شیون زیلیس اور ان کے 3 بچوں کے ساتھ ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم مودی نے ایلون مسک کے بچوں کو تحائف میں ہندوستان کی مشہور کتابیں دیں۔
میڈیاکی ایک رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں مودی نے ایلون مسک اور ان کے 3 بچوں کے ساتھ ملاقات کی۔
نریندر مودی نے ایلون مسک کے بچوں کو 3 کلاسک ہندوستانی کتابیں تحفے میں دیں جن میں دی کریسنٹ مون از رابندر ناتھ ٹیگور، دی گریٹ آر کے نارائن کلیکشن اور پنڈت وشنو شرما کی پنچ تنتر شامل ہیں۔
بعد ازاں مودی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مسٹر ایلون مسک کے خاندان سے مل کر اور بہت سے موضوعات پر بات کر کے خوشی ہوئی۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی کی جانب سے ایلون مسک کے بچوں کو بطور تحفہ دی گئی کتابیں ہندوستان کے بھرپور ادبی ورثے کو ظاہر کرنے اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے بہترین سمجھی جاتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں ایلون مسک کے بچوں کو کتابوں کا مشاہدہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔