لندن میں قرآن شریف کو نذر آتش کرنے والے شخص پر چاقو سے حملہ (ویڈیو)

لندن ۔ 15؍ فبروری ۔ (اردو لائیو): لندن میں ترکیہ کے سفارتخانہ کے سامنے ایک ملعون شخص گستاخانہ حرکت کرتے ہوئے قرآن شریف کو نذر آتش کررہا تھا۔ تبھی اس پر کسی نے چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا۔ متاثرہ شخص کو ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفارتخانہ کے باہر ایک شخص قرآن شریف کو نذر آتش کررہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات (13؍ فبروری) دوپہر کا ہے۔ جہاں لندن کے نائٹس برج میں ترکی کا یہ سفارتخانہ واقع ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملعون شخص کے ہاتھ میں قرآن شریف ہے۔ اس نے اسے نذر آتش کردیا ہے اور اسے لے کر کھڑا ہے۔ وہ جلتی ہوئی قرآن شریف کو لہرا رہا ہے۔ آس پاس کے لوگ بھی اسے دیکھ رہے ہیں۔ دوسری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قرآن شریف کو نذر آتش کرنے والا شخص زمین پر پڑا ہے اور ایک دوسرا شخص اسے لات مار رہا ہے۔ اس کے بعد اس نے چاقو نکالا اور اس پر حملہ کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق حملے میں زخمی شخص کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ کرنے والے کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دوپہر تقریباً 2 بجے رٹ لینڈ گارڈن میں یہ واقعہ پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قرآن شریف کو نذر آتش کرنے والا شخص بھی ترکی نژاد ہی ہے۔ اس نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ بھی کی تھی اور اس میں کہا تھا کہ وہ قرآن شریف کو نذر آتش کرنے والے سلوان مومیکا کی یاد میں احتجاج کرنے جا رہا ہے۔ ہم قارئین کو بتا دیں کہ سویڈن میں سلوان کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کے قتل کی ویڈیو بھی بنائی گئی تھی۔