حیدرآباددہلی

مسجد یا درگاہ کی ایک انچ بھی نہیں چھوڑیں گے۔ وقف بل پر اسد الدین اویسی کا حکومت کو انتباہ (ویڈیو)

نئی دہلی۔ 4؍ فبروری ۔ (اردو لائیو): لوک سبھا میں وقف قانون میں ترمیم کے حوالے سے اے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)کے سربراہ اسد الدین اویسی نے مرکزی حکومت سے شدید احتجاج کیا۔ ایوان میں اپنی تقریر کے دوران وقف قانون میں ترمیم کا ذکر کرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم کے رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے مرکزی حکومت کو سخت وارننگ دی۔ اسد الدین اویسی نے کہا کہ اگر حکومت موجودہ شکل میں وقف قانون لے کر آئی، تو یہ آئین کے آرٹیکل 25، 26 اور 14 کی خلاف ورزی ہوگی اور اس سے ملک میں سماجی عدم استحکام پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ”اس قانون کو پوری مسلم برادری نے مسترد کر دیا ہے۔ اگر یہ پاس ہوا تو کوئی بھی وقف جائیداد محفوظ نہیں رہے گی۔ آپ ترقی یافتہ ہندوستان بنانا چاہتے ہیں، ہم بھی یہی چاہتے ہیں، لیکن آپ اس ملک کو 80 اور 90 کی دہائی میں لے جانا چاہتے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو اس کی پوری ذمہ داری آپ پر ہوگی۔”

اسد الدین اویسی نے وقف جائیدادوں کے تحفظ کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ”ایک فخر کرنے والا ہندوستانی مسلمان ہونے کے ناطے، میں اپنی مسجد کا ایک انچ بھی نہیں کھوؤں گا۔ میں اپنی درگاہ کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑوں گا۔ میں اس کی اجازت نہیں دوں گا۔ اب ہم صرف سفارتی باتیں کرنے نہیں آئیں گے۔ اس ایوان میں میں پوری ایمانداری سے کہہ رہا ہوں کہ میری قوم، ہم فخر سے ہندوستانی ہیں۔ یہ جائیداد ہماری ہے، کسی سے ملی ہوئی نہیں ہے۔ اسے ہم سے کوئی چھین نہیں سکتا، کیونکہ وقف ہمارے لیے عبادت کی شکل میں ہے۔”

قابل ذکر ہے کہ وقف قانون پر پہلے ہی ملک میں بحث جاری ہے۔ کئی تنظیموں اور مسلم رہنماؤں نے اس پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ وقف قانون کے حوالے سے تشکیل دی گئی جے پی سی نے اپنی رپورٹ لوک سبھا اسپیکر کو پیش کر دی ہے۔

Related Articles

Back to top button