
دوحہ۔ 26؍ جنوری ۔ (ایجنسیز): الجزیرہ ٹی وی چینل کے مشہور پروگرام ‘ما خفی اعظم’ میں پہلی بار اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے شہید رہنما یحییٰ السنوار کی خصوصی فوٹیج نشر کی گئی۔ یہ فوٹیج القسام بریگیڈز کی جانب سے ان کی شہادت سے پہلے کی غیر معمولی جھلکیاں پیش کرتی ہے، جنہوں نے غزہ کی جنگ کے دوران رفح اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی افواج کے خلاف مزاحمت کی قیادت کی۔
فوٹیج میں یحییٰ السنوار کو نہ صرف اسرائیلی افواج کے خلاف کارروائیوں کی قیادت کرتے ہوئے دکھایا گیا بلکہ گھات لگا کر حملے کرنے، قسام بریگیڈز کے مجاہدین کے حوصلے بلند کرنے اور فرنٹ لائن پر متحرک کردار ادا کرتے ہوئے بھی پیش کیا گیا۔

ایک خاص منظر میں، السنوار کو رفح کے تل السلطان بٹالین کے کمانڈر محمود حمدان کے ساتھ آپریشن کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ دونوں رہنما رفح میں ایک ساتھ شہید ہوئے۔ فوٹیج میں یہ بھی دکھایا گیا کہ السنوار نے فرنٹ لائن پر ایک اسرائیلی گاڑی کو دیکھا اور اسے نشانہ بنایا گیا، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔
محمد ضیف کی موجودگی اور 7 ؍اکٹوبر کے حملہ کی جھلکیاں

الجزیرہ کے اسی پروگرام میں القسام بریگیڈز کے چیف آف اسٹاف محمد ضیف کی بھی خصوصی فوٹیج دکھائی گئی، جس میں وہ 7؍ اکٹوبر کے حملہ میں نشانہ بنائے گئے اسرائیلی فوجی مقامات کی نشاندہی کرتے نظر آئے۔
الجزیرہ ویڈیو جو یحییٰ السنوار کی شہادت کے تین ماہ بعد منظر عام پر آئی۔ اس فوٹیج میں السنوار کبھی فوجی وردی میں، کبھی ہاتھ میں چھڑی لیے، اور کبھی کمبل میں لپٹے دکھائی دیے۔ ان کے پس منظر میں غزہ کے جنگ زدہ علاقے کی تباہی واضح نظر آتی ہے، جہاں ہر طرف ملبہ اور بربادی کا منظر تھا۔