ممبئی

زخمی سیف علی خان کو بروقت ہاسپٹل پہنچانے والے آٹو ڈرائیور کو ملا 11,000 روپے کا انعام

ممبئی ۔ 20؍ جنوری ۔ (اردو لائیو): سیف علی خان پر ہونے والے حملہ کے دوران انہیں بروقت ہاسپٹل پہنچانے والے ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کی بہت تعریف کی جا رہی ہے۔ اس کام کے لیے ایک سماجی تنظیم نے ڈرائیور کو 11,000 روپے کی انعامی رقم دی ہے۔ واقعہ 16؍ جنوری کی رات کا ہے، جب سیف علی خان پر ان کے باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ سیف کو شدید زخم آئے تھے اور اس وقت ان کی حالت نازک تھی۔ قریب کھڑے ایک آٹو رکشہ ڈرائیور رمیش یادو نے وقت ضائع کیے بغیر سیف کو ہاسپٹل پہنچایا۔ آٹو رکشہ ڈرائیور نے حالت کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے اپنے کرائے کا بھی مطالبہ نہیں کیا تھا۔

رمیش یادو نے ایک انٹرویو میں بتایاکہ ‘‘میں نے دیکھا کہ وہ زخمی ہیں اور فوراً انہیں ہاسپٹل لے جانے کا فیصلہ کیا۔ وہ تکلیف میں تھے، لیکن انہوں نے مجھ سے سکون سے بات کی۔ یہ میری ڈیوٹی تھی کہ میں ان کی مدد کروں۔’’ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ مسافر سیف علی خان ہیں۔ اس نیک کام کے لیے رمیش کو ایک سماجی تنظیم نے اعزاز بخشا اور 11,000 روپے انعام میں دیے۔ تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ ‘‘رمیش یادو جیسے لوگ سماج کے لیے تحریک ہیں۔ ان کی فوری کارروائی نے یہ دکھایا کہ انسانیت سب سے بڑی چیز ہے۔’ ’

ہم قارئین کو بتا دیں سیف علی خان پر ہونے والے حملہ کے بعد سے وہ لیلاوتی ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ انہیں ابھی ڈسچارج نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ان پر حملہ کرنے والا ملزم پولیس کی حراست میں ہے۔ فی الحال پولیس معاملہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

Related Articles

Back to top button